اسلام آباد (نئی دنیا) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ’اہم رکن‘ کی نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہونے والی پریس کانفرنس منسوخ ہوگئی۔ اس سے پہلے نیشنل پریس کلب کی جانب سے اعلامیہ جاری کرکے کہا گیا تھا کہ تحریک انصاف کے ’اہم رکن‘ پریس کانفرنس کریں گے۔ اس حوالے سے صحافتی حلقوں اور ٹی وی چینلز پر خبریں سامنے آئیں کہ یہ پریس کانفرنس پرویز خٹک اور اسد قیصر کی ہوگی جو پارٹی چھوڑنے کا اعلان کریں گے۔ یہ خبریں بھی آئیں کہ دونوں اسد عمر کی طرح پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کریں گے تاہم اب یہ پریس کانفرنس ہی منسوخ ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ انہوں نے مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں اسد قیصر اور پرویز خٹک شامل تھے، انہیں مذاکرات کیلئے بلایا گیا اور ایک سیف ہاؤس میں بٹھالیا گیا، اب ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ تحریک انصاف چھوڑیں گے تو ہی انہیں رہائی ملے گی۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا پولیس نے دونوں رہنماؤں کی گرفتاری کے حوالے سے اظہار لا علمی کیا ہے۔