اسلام آباد (نئی دنیا) وزیر اعظم کے مشیر عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی اور یاسمین راشد کے خلاف واضح ثبوت موجود ہیں، اس کے باوجود انہیں مقدموں سے بری کردیا گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا ، اس روز وطن کی خاطر جانیں قربان کرنیوالوں کی یادگاروں کو نذر آتش کیا گیا جس کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کا امیج خراب ہوا، ان واقعات میں ملوث کسی شخص کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی اور یاسمین راشد کے کیس میں عدالت نے جلد بازی میں فیصلہ دیا ہے ، یاسمین راشد کے کیس میں عدالت نے فرانزک رپورٹ آنے کا بھی انتظار نہیں کیا اور پہلے ہی انہیں مقدمے سے بری کردیا ۔
وزیر اعظم کے مشیر کاکہنا ہے کہ تحریک انصاف سے متعلق مقدمات میں عدلیہ کی جانب سے غیر معمولی تیزی سمجھ سے باہر ہے، اس طرح کے فیصلے عدلیہ کی غیر جانبداری پر سوالیہ نشان ہیں۔