سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہٰی کو جیل میں ’سی‘ کلاس قیدی کی سہولتیں بھی میسر نہیں، اہلیہ

لاہور(نئی دنیا)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ خاوند کو جیل میں سی کلاس قیدی کی سہولتیں بھی میسر نہیں، 77 سال کی عمر کے شخص کے ساتھ اس طرح کا ظالمانہ سلوک کیا جا رہا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج پرویز الہٰی سے قید میں پہلی ملاقات ہوئی، ان کا حوصلہ بلند تھا جس پر مجھے تسلی ہوئی۔

سابق وزیراعلیٰ کی اہلیہ نے کہا کہ پرویز الہٰی پر جسمانی اور ذہنی تشدد کے بعد ان کے موقف کا بھی پوچھا، ان کا کہنا تھا جو موقف پہلا تھا اس پر قائم ہوں، آئندہ بھی قائم رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کہیں بھی داد رسی نہیں ہو رہی، اس کی وجہ کیا ہے؟ چوہدری پرویز الہٰی کو جیل میں سہولتیں ملنی چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی کو کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ لایا گیا تو مجھے رات ڈیڑھ بجے فون آیا، اسپتال میں مجھے ان سے ملنے نہیں دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نامکمل ٹیسٹس کے بعد پرویز الہٰی کو واپس جیل بھجوا دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں