لاہور (نئی دنیا)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے یونان کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کو بیرون ملک بھجوانے والے مرکزی کردار طلحہ شاہ زیب کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم طلحہ شاہ زیب کو شیخوپورہ سے گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی اے نے بتایاکہ ملزم نے فاروق آباد کے رہائشی زاہد اکبر سے بیرون ملک بھجوانے کیلئے 65 لاکھ روپے وصول کئے تھے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم نے زاہد اکبرکو لیبیا میں مقیم اپنے ماموں کے پاس بھجوایا تھا جبکہ ملزم طلحہ شاہ زیب کےوالدین اٹلی میں مقیم ہیں۔ گزشتہ روز بھی ایف آئی اے نے پاکستانی نوجوانوں کو غیرقانونی طریقے سے یورپ بھیجنے والے ایجنٹ کو کراچی ائیرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم ساجد محمود آذربائیجان فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، ملزم نے متعدد افراد کو لیبیا بھیجا، جس پر تفتیش جاری ہے۔