چیچنیا میں خاتون روسی صحافی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کے سر کے بال بھی کاٹ دیے گئے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق آزاد اخبار نووایا گزیٹا کے لیے کام کرنے والی صحافی اور انسانی حقوق کی کارکن ایلینا ملاشینا پر ایک عدالتی مقدمے کے فیصلے کی کوریج کے دوران حملہ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق خاتون صحافی کی انگلیاں توڑ دی گئیں، ان کے سر کے بال کاٹ دیے گئے، چہرے پر ہرا رنگ بھی پھینکا گیا جبکہ ان کے دیگر جسم کے حصوں پر بھی تشدد کے نشانات موجود ہیں۔
رپورٹس کے مطابق خاتون صحافی اور وکیل الیگزینڈر نیموف پر ائیرپورٹ کے باہر ان کی گاڑی کو مسلح افراد نے روک کر حملہ کیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق خاتون صحافی کو اسلحہ بھی دکھایا گیا اور ان کا سامان بھی توڑ دیا گیا۔
خاتون صحافی کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے ڈرائیور کو گاڑی سے باہر پھینک دیا اور اندر آ کر ہمارے سر نیچے جھکا دیے پھر میرے ہاتھ باندھے اور مجھے گھٹنوں کے بل نیچے اتارا اور میرے سر پر بندوق رکھ دی تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حملہ آور بظاہر گھبرائے ہوئے تھے کیونکہ انہیں میرے ہاتھ باندھنے میں پریشانی ہو رہی تھی۔
دوسری جانب رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز نے اس حملے کی مذمت کی ہے۔