بھارت کے وزیراعظم نریندرمودی کو فرانس کا اعلیٰ ترین اعزاز دے دیا گیا

فرانس (حمید چوہدری سے)نریندر مودی کو فرانس کا اعلیٰ ترین اعزاز دے دیا گیا
ان دنوں فرانس کا دورہ کرنے والے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو فرانس کا اعلیٰ ترین اعزاز دے دیا گیا۔ انہیں یہ اعزاز صدر ماکروں نے پیش کیا۔ مودی آج چودہ جولائی کو فرانس کے قومی دن کی مرکزی تقریب کے خاص مہمان بھی تھے۔

پیرس میں صدر ایمانوئل ماکروں کے دفتر کی طرف سے جمعہ 14 جولائی کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارتی سربراہ حکومت نریندر مودی کو یہ اعزاز باستیل ڈے کہلانے والے فرانسیسی قومی دن سے ایک رات قبل جمعرات 13 جولائی کو پیش کیا گیا۔

پیرس میں ایلیزے پیلس کی طرف سے بتایا گیا کہ قصر صدارت میں منعقدہ اس تقریب میں بھارتی وزیر اعظم کو جو ‘گرینڈ کراس آف لیجن آف آنر‘ پیش کی گئی، وہ فرانس کی طرف سے دیے جانے والے قومی اعزازات میں سے اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔

اس موقع پر صدر ماکروں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کو یہ اعزاز دیا جانا ان کے اس کردار کا اعتراف ہے، جو انہوں نے فرانس اور بھارت کو جوڑنے والے اعتماد اور دوستی کے مظہر شاندار تعلقات کے لیے ادا کیا ہے۔

نریندر مودی نے ایلیزے پیلس میں منعقدہ سرکاری تقریب میں یہ اعزاز وصول کرنے کے بعد فرانسیسی زبان میں کی گئی اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا، ”میں اپنے لیے اس گرینڈ کراس آف لیجن آف آنر کو بڑی عاجزی سے قبول کرتا ہوں۔‘‘ اپنی اس ٹویٹ میں بھارتی وزیر اعظم نے فرانسیسی صدر کے ساتھ اس تقریب میں اتاری گئی تصاویر بھی پوسٹ کیں۔
ساتھ ہی اس ٹویٹ میں بھارتی سربراہ حکومت نے مزید لکھا، ”یہ بھارت کے 1.4 بلین باشندوں کے لیے بھی ایک اعزاز ہے، جو صدر ماکروں اور فرانسیسی عوام کے دلوں میں بھارت کے لیے گہری محبت اور بھارتی قوم سے دوستی کے تسلسل کو بھی دکھاتا ہے۔‘‘

فرانس کا ‘لیجن آف آنر‘ اعزاز ایک ایسا ایوارڈ ہے، جو فرانس کے لیے بڑی کامیابیاں حاصل کرنے والی یا نمایاں خدمات انجام دینے والی سول اور فوجی دونوں طرح کی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔

یہ اعلیٰ ترین قومی اعزاز دیے جانے کا سلسلہ 1802ء میں شروع ہوا تھا۔ تب یہ اعزاز فرانس کے نپولین اول کہلانے والے بادشاہ اور جنرل نپولین بوناپارٹ نے متعارف کرایا تھا۔

یہ پانچ مختلف درجات کا حامل فرانسیسی قومی اعزاز ہے، جو ‘شیوالیئر آف لیجن آف آنر‘ سے شروع ہو کر اپنی اعلیٰ ترین شکل ‘گرینڈ کراس آف لیجن آف آنر‘ پر ختم ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں