فرانس سمیت دیگر یورپی ممالک میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جانے کا امکان

فرانس(حمید چوہدری سے)یورپ کے بیشتر شہروں میں گرمی کی لہر آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

پیرس سے یورپین اسپیس ایجنسی (ای ایس اے) کے مطابق اٹلی، فرانس، یونان، کروشیا اور ترکی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جانے کا امکان ہے۔

ای ایس اے کا مزید کہنا ہے کہ اٹلی میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی بڑھ سکتا ہے۔ یورپ میں گرمی کا نیا ریکارڈ بننے کا امکان ہے۔

یورپین اسپیس ایجنسی کے مطابق روم اور فلورنس سمیت اٹلی کے 10 شہروں میں شدید گرم موسم سے متعلق ریڈ الرٹ وارننگ جاری کی گئی ہے۔ یورپ میں گزشتہ ماہ بھی گرم ترین رہا۔

ای یو کلائمٹ مانیٹرنگ سروس کے مطابق یورپ میں تعطیلات گزارنے کیلئے گئے سیاح گرم موسم سے پریشان ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یورپ میں لوگوں کو کافی اور الکوحل سے بچنے اور دن میں کم از کم دو لیٹر پانی پینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب برطانیہ سے موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ وہاں اب تک موسم بہتر ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لندن میں آئندہ ہفتے بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنےکا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں