غربت اور دوستوں کے شادی میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے شکوہ کرنیوالے نابینا نوجوان کی شادی میں ہزاروں افراد کی شرکت

الجزائر(مانیٹرنگ ڈیسک)شمالی افریقہ کے ملک الجیریا میں ایک غریب نابینا نوجوان کی شادی میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے اسے حیران کر دیا۔ الجیرین میڈیا کے مطابق شمس الدین المعروف موکا نامی اس نوجوان کا تعلق الجیریا کے شہر خنشلہ سے ہے، جس نے اپنی غربت اور دوستوں کے شادی میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے شکوہ کیا تھا۔
اس کے دوستوں نے اس کی شادی کا دعوت نامہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دیاجو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گیا اور شمس الدین کی شادی ایک تاریخی شادی بن گئی۔نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق شمس الدین کی شادی میں الجیریا کے علاوہ تیونس اور لیبیا سمیت دیگر کئی ممالک سے بھی شہری شریک ہوئے۔


شمس الدین کی شادی میں مہمانوں کی تعداد 10ہزار سے تجاوز کر گئی۔ اس کی بارات میں 2ہزار گاڑیاں، 100سے زائد موٹرسائیکل، 50سے زائد گھوڑوں اور 100مختلف میوزیکل بینڈز نے شرکت کی۔شمس الدین کو نہ صرف مہنگے بیوٹی سیلون سے تیار کروایا گیا بلکہ شہریوں نے تحائف سے اس کا گھر بھر دیا۔ مہمانوں کی طرف سے نوبیاہتا جوڑے کے لیے ہنی مون ٹرپ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں