لاہور (سلیم اختر بٹ سے ) سنیچر کو صبح سویرے سے موسلا دھار بارش کے باعث صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقے ایک بار پھر زیرِ آب آ گئے ہیں جس کے بعد سے ایک بار پھر شہر میں اربن فلڈنگ کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش لاہور کے علاقے گلشن راوی میں 183 اور لکشمی چوک میں 169 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ بھی لاہور کے متعدد نشیبی علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
کمشنر لاہور کے مطابق ضلع انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کا کام جاری ہے اور اس وقت بھی کچھ علاقوں میں بوندا باندی جاری ہے۔
اس سے قبل جولائی کے آغاز میں بھی لاہور میں شدید بارشوں کے باعث ایک 11 سالہ بچے سمیت کم سے کم 11 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے تھے۔ خیال رہے کہ اس دوران دو مختلف سپیلز میں لکشمی چوک میں 291 اور گلشنِ راوی کے علاقے میں 268 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔