اسلام آباد(نئی دنیا)چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو پولیس نے لاہور کی رہائشگاہ زمان پارک سے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں جرم ثابت ہونے پر تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو فوری گرفتار کر نے کا حکم بھی جاری کیا ، عدالت کا فیصلہ آتے ہی پولیس کی بھاری نفری عمران خان کی زمان پارک میں واقع رہائشگاہ پہنچی اور انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو گرفتار کیئے جانے کی تصدیق کر دی ہے ۔عمران خان کو گرفتاری کے بعد اسلام آباد لے جایا جائے گا، جہاں ان کو جیل میں رکھنے کیلئے انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔