کراچی (نئی دنیا)کراچی کے علاقے کورنگی میں 12 سالہ لڑکے نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔ مرنے والا اپنے بڑے بھائی کے ساتھ رہتا تھا جبکہ اہل خانہ بلوچستان میں رہائش پذیر ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق 12 سالہ نسیم نے گلے میں پھندا ڈال کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ اس کے بڑے بھائی قاسم نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ معمول کے مطابق اپنے بھائی کے ساتھ اپنی دکان پر موجود تھا اور نسیم دوپہر کا کھانا کھانے گھر گیا تھا لیکن کافی دیر تک جب وہ واپس نہیں آیا تو قاسم خود گھر گیا۔
لڑکے کے بڑے بھائی نے بتایا کہ گھر کا دروازہ اندر سے بند تھا کافی دیر تک کوئی جواب نہ ملنے پر وہ دیوار پھلانگ کر اندر گیا تو کمرے میں نسیم کی لاش لٹکی ہوئی ملی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر خودکشی کی کوئی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
قاسم نے پولیس کو مزید بتایا کہ دونوں بھائیوں کے درمیان کوئی جھگڑا نہیں ہوا تھا اور نہ ہی نسیم نے کسی پریشانی کا ذکر کیا۔
پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔