اسلام آباد (نئی دنیا ) صدر مملکت عارف علوی نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میرا خدا گواہ ہے میں نے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ پر دستخط نہیں کیئے ۔
تفصیلات کے مطابق عارف علوی نے ٹویٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ”خدا گواہ ہے میں نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ ترمیمی بل 2023 پر دستخط نہیں کیئے ، میں نے پاکستان آر می ایکٹ ترمیمی بل 2023 پر بھی دستخط نہیں کیئے ،میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ اورآرمی ترمیمی بل 2023 سے متفق نہیں ،عملے سے کہا بغیر دستخط بلز مقرر ہ وقت میں واپس کریں تاکہ غیر موثر بنا یا جا سکے ،عملے سے کئی بار تصدیق کی کہ آیا بل واپس جا چکے ؟یقین دلایا گیا کہ وہ بل واپس بھیج دیئے گئے ہیں
صدر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ” آج مجھے معلوم ہوا کہ میرے سٹاف نے میرے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے،اللہ سب جانتا ہے، وہ معاف کرنے والا ہے،میں ان سے بھی معافی مانگنا چاہتاہوں جو اس سے متاثر ہوں گے ،
یاد رہے کہ آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ ترمیمی بل منظوری کے بعد قانون بن چکے ہیں، گزشتہ رات عمران خان ، شاہ محمود قریشی کو سائفر مقدمہ میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ آج صبح اسد عمر کو بھی حراست میں لے لیا گیاہے ، سائفر کا مقدمہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت درج کیا گیاہے ۔