اسلام آباد(نئی دنیا)سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہاہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ تحریک انصاف کے موقف کی فتح ہے، اس کے سیاسی اثرات بھی مرتب ہونگے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حامد میر نے کہاکہ تحریک انصاف کے وکلا کاکہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کو نااہل کیا گیا ہے چونکہ اب فیصلہ معطل ہو گیا ہے وہ اپنے پارٹی کے عہدے پر بحال ہو گئے ہیں،اس سے تحریک انصاف کو سیاسی فائدہ بھی ہوگا۔
سینئر صحافی نے کہاکہ اس میں یہ پہلو بھی قابل غور ہے کہ یہ فیصلہ ایسی عدالت نے دیا ہے جس کے بارے میں تحریک انصاف عدم اعتماد کااظہار کر چکی تھی،اسی جج کی طرف سے یہ فیصلہ آیا ہے تو تحریک انصاف کو اس جج کے بارے میں جو ریمارکس دیئے تھے وہ بھی واپس لینے چاہئیں۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی وکلا کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلہ ہمارے موقف کی فتح ہے ،ہماری اخلاقی اور سیاسی برتری قائم ہو گئی ہے تو پھر اسی عدالت کے بارے میں کچھ دن پہلے جو ان کا موقف تھا اور سوشل میڈیا پر جج کے بارے میں جو کمپیئن چلائی جارہی تھی اس پر معذرت کرنی چاہئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے سوال پر ان کاکہناتھا کہ یہ کوئی قانونی فیصلہ نہیں ہے سیاسی فیصلہ ہے،جن لوگوں نے ان کو جیل پہنچایا ہے وہ آئین اور قانون کے مطابق چلنے والے لوگ نہیں ہیں،میرا خیال ہے وہ چیئرمین پی ٹی آئی کو آج باہر نہیں آنے دیں گے۔