اسلام آباد (نئی دنیا) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ انوار الحق کاکڑ کو عہدہ ملنے کے بعد غریبوں کا دکھ نظر نہیں آرہا۔
خواتین کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ نگران حکومت نے آتے ہی 15 اگست کو پیٹرول میں اضافہ کیا اور پھر اضافہ کیا، پھر نگران وزیراعظم کہتے ہیں مہنگائی ہو یا بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو کوئی مسئلے کی بات نہیں ہے، کاکڑ صاحب آپ کی تنخواہ لگ چکی ہے اس لئے آپ کو غریبوں کا بوجھ نظر نہیں آ رہا۔ ملک میں مہنگائی بد امنی سے مرد کے ساتھ عورتیں بھی کافی پریشان ہیں، ہر شخص بے روزگاری سے پریشان ہے، سب سے زیادہ غلہ پیدا کرنے والے ملک میں آج اشیا ئےخورو نوش کا بحران ہے جو حکومت کی نالائق پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
امیر جماعت اسلامی نےکہا کہ جتنے مرضی مقدمات درج کریں اور ایف آئی آر کاٹیں، جماعت اسلامی بجلی کے بلوں کے خلاف تحریک سے پیچھے نہیں ہٹے گی، بجلی کے بل میں 16 اقسام کے ناجائز ٹیکسز لگائے جاتے ہیں جس کے خلاف عدالت جا رہا ہوں۔