سوشل میڈیا ؛ چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری بھی فیک نیوز کا نشان

کراچی(نئی دنیا ) پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی رہنماء، چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور سابق رکن سندھ اسمبلی شازیہ مری بھی فیک نیوز کا نشانہ بن گئیں۔

ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق شازیہ مری کے متعلق سوشل میڈیا پر ایک من گھڑت خبر پھیلائی جا رہی ہے، جس میں بتایا جا رہا ہے کہ ان کے گھر پر چھاپے کے دوران نیب نے 97ارب روپے کی خطیر رقم برآمد کی ہے۔
اس فیک نیوز میں بتایا جا رہا ہے کہ شازیہ مری کے گھر سے اس رقم کے علاوہ بڑی مقدار میں سونا بھی برآمدہوا ہے۔ ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے کارکنوں اور اس کے حامی صحافیوں نے بغیر تصدیق کیے اس افواہ کو بطور خبر پھیلاناشروع کر دیا تاہم بعد ازاں حقیقت سامنے آنے پر ان صحافیوں میں سے بیشتر نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس ڈیلیٹ کر دیں۔
رپورٹ کے مطابق کرنسی نوٹوں کی گڈیوں کی جس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے بتایا جا رہا ہے کہ یہ شازیہ مری کے گھر سے برآمد ہوئی ہیں، ایکسپوڈزپراپیگنڈا نامی ایک ایکس اکاﺅنٹ کی طرف سے اس جھوٹ کا بھانڈہ پھوڑتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ تصویر نیب کے جنوری 2022ءمیں سابق میونسپل کمشنر کورنگی کراچی کے گھر پر چھاپے کے دوران پکڑی جانے والی رقم کی ہے۔
شازیہ مری نے اپنے ایکس اکاﺅنٹ پر ایک پوسٹ میں اس حوالے سے کہا ہے کہ ”میں اپنے متعلق پھیلائی جانے والی جھوٹی خبر بے نقاب کرنے والے تمام لوگوں کی شکرگزار ہوں۔ اس قسم کا تکلیف دہ پراپیگنڈہ صرف ایسے لوگوں کی بیمار ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے جوا س سے بہتر کچھ کر نہیں سکتے۔“

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں