نیویارک(نئی دنیا ) امریکہ نے طویل انتظار کے بعد بالآخر یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے ’اے ٹی اے سی ایم ایس‘ میزائل دینے کا اعلان کر دیا۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یوکرین کی طرف سے متعدد بار ان میزائلوں کی فراہمی کی درخواست کیے جانے کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن کی طرف سے گزشتہ ہفتے میزائل فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ میزائل امریکہ کی طرف سے یوکرین کو اب تک دیئے گئے اسلحے کے مقابلے میں دو گنا فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یوکرین کی طرف سے آئندہ موسم بہار میں روس کے قبضے میں جانے والے علاقے واپس لینے کے لیے حملے کرنے کا اعلان کر رکھا ہے اور یہ میزائل ممکنہ طور پر ان حملوں میں استعمال کیے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ’اے ٹی اے سی ایم ایس‘ میزائل 300کلومیٹر تک ٹارگٹ کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔یوکرین کئی مہینوں سے روس کو سخت جواب دینے کے لیے امریکہ سے مطالبہ کر رہا تھا کہ اسے یہ میزائل مہیاکیے جائیں۔ این بی سی نیوز اور وال سٹریٹ جنرل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یوکرین کو یہ میزائل محدود تعداد میں دیئے جائیں گے۔ یہ میزائل آئندہ ہفتوں میں یوکرین پہنچا دیئے جائیں گے۔