فرانس (حمید چوہدری ) پیرس میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے لئے فنڈ ریزنگ کی ایک تقریب منعقد کی گئی –
تقریب کے آرگنائزر ڈائریکٹر شوکت خانم فرانس مشتاق خان جدون و مبارک خان جدوں تھے –
تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر سیاحت اور مشہور شاعر وصی شاہ تھے – جب کہ تقریب کی نقابت کے لئے پاکستان کی مشہور ڈراما آرٹسٹ یمنی زیدی کو بلایا گیا تھا – اس کے علاؤہ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر طارق اعظم بھی خاص طور پر اس پروگرام میں شرکت کے لئے آئے ھوئے تھے-
تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد پاکستان اور فرانس کے قومی ترانے بجائے گئے جسے حاضرین نے انتہائی عقیدت و احترام سے سنا -؛پاکستان کے مشہور قوال سنتو خان نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور لوگوں سے خوب داد وصول کی – ڈاکٹر طارق اعظم نے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال بارے تفصیلی گفتگو کی – خاص طور پر انہوں نے کراچی میں زیر تعمیر شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال بارے مکمل بریفنگ دی –
اس موقع پر نظامت کے فرائض تبسم بتول نے سمبھالے ۔
مشہور کاروباری اور سیاسی شخصیت سردار ظہور اقبال اور چوھدری گلزار لنگڑیال نے اپنے اپنے ذاتی تجربات سے آگاہ کیا کہ انھیں جب شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال میں جانے کا یا کسی کو وہاں داخل کرانے کا اتفاق ھوا تو انھوں نے دیکھا کہ وہاں پر بہت شاندار طریقے سے کینسر کے مریضوں کا علاج ھورہا تھا اور نادار غریب لوگوں کو مفت علاج کی سہولت میسر تھی -؛سردار ظہور اقبال کا کہنا تھا کہ یہ ایک نہایت ھی نیکی کا کام ھے اس لئے اس میں سب کو سیاست یا کسی اور بھی وجہ کے بغیر بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاھئیے –
سید وصی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسان وہ ھی ھے جو دوسروں کی مدد کرے – ان کا کہنا تھا کہ ماہ ربیع الاول ھے اور ھمارے نبی اکرم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بھی یہ ھی تعلیم ھے کہ زیادہ سے زیادہ صدقہ دیا جائے جو بعد کی زندگی میں بھی آپ کے کام آئے -؛انہوں نے کہا کہ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے لئے فنڈ زیادہ سے زیادہ دیکر کینسر کے مریضوں کی جان بچائی جائے –
انہوں نے ایک حدیث کا بھی حوالہ دیا کہ جس نے کسی ایک شخص کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی – وصی شاہ نے اپنا کلام۔بھی پیش کیا اور حاضرین کی فرمائش پر بھی اپنی شاعری سے مستفید کیا – بعد میں مشہور فنکارہ یمنی زیدی نے سٹیج سنبھال لیا اور شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے لئے چندہ کی اپیل شروع کی –
اس چندہ مہم میں خواتین اور بچوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا،سینئر صحافی ، بانی پاکستان پریس کلب پیرس (فرانس)صاحبزادہ عتیق الرحمن اور سینیر رہنماء تحریک انصاف یاسر قدیر اور یاسر خان نے چندہ مہم میں یمنی زیدی کی معاونت بھی کی – لوگوں نے انتہائی جوش و خروش سے اس فنڈ ریزنگ پروگرام میں حصہ لیا اور ہر ایک نے اپنی اپنی حیثیت اور توفیق کے مطابق اس میں حصہ لیا –
خصوصی طور پر بچوں نے اس مہم میں بھرپور حصہ لیا – بعد میں دو عدد بال اور ایک بیٹ جو عمران خان کے دستخط شدہ تھے ان کی نیلامی بھی کی گئی – یمنی زیدی کا کہنا تھا کہ وہ اھالیان فرانس کے ولولے سے بےحد متاثر ھوئی ھیں –
مشتاق جدون اور مبارک خان جدون نے تمام خواتین وحضرات کا ان کی آمد اور اس فنڈ ریزنگ پروگرام میں شرکت کرنے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا –