لاہور(نئی دنیا ) سابق وزیراعظم شہباز شریف کی گاڑی کو لاہور کے دورے میں کاہنہ کے عوام نے روک لیاجس کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے، ویڈیو میں شہری کافی غصے میں دکھائی دے رہے ہیں جبکہ انہوں نے گاڑی کے ساتھ زور آزمائی بھی کی ۔
نجی نیوز چینل کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف عوامی رابطہ مہم کے لیے لاہور کے دورے پر نکلے اس دوران وہ کاہنہ پہنچے تو عوام نے ان کی گاڑی روک لی اور احتجاج کیا جس کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔
عوام نے شہباز شریف کے قافلے کو آگے بڑھنے سے روک دیا، انہیں مہنگائی اور معاشی بحالی کا ذمہ دار قرار دیا، وہاں موجود لوگوں نے انہیں اپنے مسائل بیان کیے جس پر شہباز شریف نے انہیں مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ملنے کا وعدہ کیا۔ بعدازاں سیکیورٹی اہل کاروں کی مداخلت اور ن لیگی کارکنوں کی مزاحمت کے بعد شہباز شریف وہاں سے نکل جانے میں کامیاب ہوئے۔
دریں اثنا شہباز شریف نے ایک روز قبل گاڑی روکے جانے کے واقعے کی تصدیق کردی۔ اپنے ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ کل میں نے اپنے قومی اسمبلی کے حلقے سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا، اس کیمپین کا مقصد صرف اپنا ایجنڈا عوام کے سامنے رکھنا ہی نہی بلکہ ان کی باتیں اور تجاویز سن کر ان سے سیکھنا اور مسائل کا حل تلاش کرنا بھی ہے۔