کوئٹہ (نئی دنیا) پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں کی واپسی کا عمل شروع ہوگیا ہے ، 30افغان خاندانوں کو لےکر 16 ٹرک طور خم سرحد پہنچ گئے، قانونی کارروائی کے بعد 350 افراد کو افغانستان جانے کی اجازت دی جائے گی۔
ادھر افغان کمشنریٹ خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد 10 لاکھ ہے، 7 لاکھ 75 ہزارافغان غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے۔ ان میں 3 لاکھ سے زیادہ وہ افغان شہری ہیں جو طالبان حکومت کے قیام کے بعد پاکستان آئے۔ بلوچستان میں مقیم افغان باشندوں کی تعداد ساڑھے 8 لاکھ کے لگ بھگ بتائی جا رہی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ان میں سے ڈھائی لاکھ غیر قانونی مقیم ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق افغان قائم مقام وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو بے دخل کرنے کے پاکستان کے فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔