پیرس(حمیدچوہدری سے ) فرانس میں معدنی ایندھن کی تلاش کے دوران ماہرین نے ایسی چیز کا ذخیرہ دریافت کر لیا جس سے دنیا کے ماحول کو بچانے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔ سی این این کے مطابق فرانس کے نیشنل سنٹر آف سائنٹیفک ریسرچ کے ڈائریکٹرز جیکوئس پرونن اور فلپ ڈی ڈوناٹو معدنی ایندھن تلاش کرنے والی اس ٹیم کی قیادت کر رہے تھے، جس نے حادثاتی طور پر سفید ہائیڈروجن کا ایک بڑا ذخیرہ دریافت کر لیا۔
اب تک کے اندازے کے مطابق یہ سفید ہائیڈروجن کا دنیا میں دریافت ہونے والا سب سے بڑا ذخیرہ ہے۔ اس گیس کو اس کی اہمیت کی وجہ سے نیچرل گولڈ یا جیولوجک ہائیڈروجن بھی کہا جاتا ہے۔ یہ گیس جلائے جانے پر ماحول کو آلودہ نہیں کرتی۔ اسے جلانے پر اس سے پانی بنتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کے جلنے پر کوئی گیس یا مادہ وجود میں نہیں آتا، چنانچہ اسے انتہائی ماحول دوست گیس کہا جاتا ہے۔
جیکوئس پیرنن کا اس دریافت کے حوالے سے کہنا تھا کہ ہمیں جب ابتدائی طور پر سفید ہائیڈروجن ملی تویہ ہمارے لیے معمول کی بات تھی کیونکہ زمین کی تہہ میں اکثر جگہوں پر معمولی مقدار میں سفید ہائیڈروجن مل جاتی ہے، تاہم زیادہ گہرائی میں بھی اس کی موجودگی کا علم ہوا تو ہم نے اس ذخیرے کے حجم کا اندازہ لگایااور یہ جان کر ہماری حیرت کی انتہاءنہ رہی کہ یہ ایک بہت بڑا ذخیرہ تھا۔ 1100میٹر کی گہرائی میں یہ 14فیصد تھی اور 1250میٹر کی گہرائی میں 20فیصد، یہ گیس اتنی بڑی مقدار میں اس سے قبل دنیا میں کہیں دریافت نہیں ہوئی۔