پیرس(حمیدچوہدری)ہانا حسین فرانس کے مشہورِ زمانہ فیشن شو ’لی بیل‘ میں ڈیبیو دینے والی پہلی پاکستانی بن گئی ہیں۔
لی بیل ایک سالانہ ڈیبیوٹینٹ فیشن ایونٹ ہے جو ہر سال نومبر میں پیرس میں منعقد ہوتا ہے، اس فیشن ایونٹ میں ہر سال 16 سے 22 سال کی عمر کے 20 سے 25 ڈیبیوٹنٹس شریک ہوتے ہیں۔
اس ایونٹ میں یورپ، ایشیا، افریقہ اور امریکا کے کچھ انتہائی قابل ذکر جدید شاہی خاندان اور نوجوان سوشلائٹس اور مخیر حضرات اپنے والدین کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔
ہانا حسین جنہوں نے اس تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کی، وہ سر فضل حسین کی پڑپوتی ہیں، سر فضل حسین جو ایک مشہور بیرسٹر، وزیر تعلیم اور بھارت میں یونینسٹ پارٹی کے بانی بھی تھے۔
ہانا حسین کے پڑدادا نے بیروت اور لبنان میں بطور پاکستانی سفیر بھی اپنی خدمات انجام دیں۔
اس تقریب میں ہانا حسین نے اپنے بھائی حارث حسین کے ساتھ شرکت کی۔
یہ دنیا کا واحد ڈیبیوٹنٹ بال ہے جہاں ڈیبیوٹنٹس صرف تب شریک ہوسکتے ہیں جب اُنہیں مدعو کیا جائے اور اس ایونٹ کا انعقاد نپولین بوناپارٹ کے بھتیجے کی سابق رہائش گاہ شنگری لا پیرس میں ہوتا ہے۔
اس ایونٹ کا اہتمام اوفیلی رینورڈ (Ophélie Renouard) نے نیکر اینفانٹس ملاڈز اسپتال(Necker-Enfants Malades Hospital) کے کارڈیالوجی ریسرچ یونٹ اور ورلڈ سینٹرل کچن کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے کیا تھا۔
واضح رہے کہ نیکر اینفانٹس ملاڈز اسپتال(Necker-Enfants Malades Hospital) کا کارڈیالوجی ریسرچ یونٹ دنیا بھر میں دل کی خرابیوں والے بچوں کی دیکھ بھال میں مہارت رکھتا ہے جبکہ ورلڈ سینٹرل کچن عالمی سطح پر کمزور کمیونٹیز کو کھانا فراہم کرتا ہے۔
اس ایونٹ کا انعقاد پہلی بار 1958ء میں چیٹو ڈی ورسائی میں ہوا تھا لیکن پھر 1968ء میں فرانس میں کارکنوں کی بغاوت کی وجہ سے کئی دہائیوں تک اس تقریب کا انعقاد نہیں ہوسکا۔