برسلز(حمید چوہدری )یورپین دارالحکومت برسلز میں قائم پاکستانی سفارت خانے نے یورپی رکن ممالک میں پاکستانی مشنز کے لیے تجارتی تعلقات کے نئے اور ابھرتے ہوئے انداز پر ایک آن لائن بریفنگ سیشن کا انعقاد کیا۔
اس بریفنگ کا مقصد جی ایس پی پلس اسکیم کے دائرہ کار کو بڑھانے اور یورپی پارلیمنٹ کے ذریعے جی ایس پی قوانین کی توسیع سے متعلق میکانزم اور پیش رفت سے لے کر اہم تجارتی پہلوؤں پر ایک جامع آگاہی دینا تھا۔
اجلاس میں وزارتٍ خارجہ، وزارتِ تجارت، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) اور یورپ میں مقیم تمام پاکستانی سفارتی مشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر یورپی یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے بریفنگ کے شرکاء کو تجارتی اور ترقیاتی تعلقات کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے ایک اجمالی تصویر پیش کی۔
انہوں نے یورپی یونین میں پاکستان کے سفارتی مشنز کے درمیان تجارتی مسائل اور امکانات کو حل کرنے کے لیے ایک متفقہ نقطۂ نظر کو یقینی بناتے ہوئے قریبی رابطہ کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اس سیشن کے دوران پاکستان کی تجارت میں اضافے کے لیے قائم ادارے TDAP کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے لاہور میں 18 تا 20 جنوری منعقد کیے جانے والے تیسرے انجینرنگ اینڈ ہیلتھ کیئر شو کی تفصیلات بتانے کے لیے مدعو کیا گیا تھا تا کہ یورپ سے ممکنہ خریداروں اور سرمایہ کاروں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ اقدام بیلجیئم میں پاکستانی سفارت خانے کے یورپی یونین میں پاکستان کے تجارتی اور اقتصادی مفادات کے تحفظ کے لیے پاکستانی سفارتی مشنز کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون میں اضافے کے عزم کا اظہار ہے۔