اسلام آباد (نئی دنیا)سائفر کیس کی کارروائی پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔ آفیشل سیکریٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے حکم جاری کر دیا۔
خصوصی عدالت کے حکم نامے میں کہا گیا کہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر سائفر کیس کی کوئی کارروائی نشر نہیں ہو گی، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو ان ہدایات پر عملدرآمد کی ہدایت کی جاتی ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ کوئی خلاف ورزی ہوئی تو اس پر آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی، پیمرا اور پی ٹی اے کو عدالتی حکم کی کاپی دی جائے تاکہ آئندہ خلاف ورزی نا ہو۔
خصوصی عدالت کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ سائفر کیس کا ٹرائل ان کیمرہ کرنے کی پراسیکیوشن کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔
حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی فیملی عدالت میں مشروط موجود ہوگی، شرط ہوگی کہ عدالتی کارروائی کو فیملی ممبران کسی جگہ بیان نہیں کریں گے، ٹرائل کی کارروائی کے دوران پبلک موجود نہیں ہوگی۔