فرانس سے برطانیہ پہنچنے کی کوشش، تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی

فرانس(حمیدچوہدری) خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس کشتی کی غرقابی کے واقعے میں متعدد افراد کے لاپتا ہو جانے کا خدشہ ہے۔ جمعے کے روز فرانسیسی کوسٹ گارڈز نے بتایا کہ یہ واقعہ فرانسیسی پانیوں میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس کشتی پر چھیاسٹھ تارکین وطن سوار تھے، جو فرانس سے برطانیہ پہنچنے کی کوشش میں تھے، تاہم سمندری لہروں کا نشانہ بنے۔

جرمنی میں ہزاروں کم عمر مہاجرین ’لاپتہ‘
پیرس میں ایک اور غیر قانونی مہاجر کیمپ خالی کرا لیا گیا
ابتدائی رپورٹس کے مطابق ریسکیو ٹیمیں مقامی وقت کے مطابق رات ایک بجے جائے حادثہ پر پہنچیں جہاں ٹیوب نما کشتی سے ہوا نکل جانے کی وجہ سے متعدد افراد ڈوب رہے تھے۔

بتایا گیا ہے کہ دو بے ہوش افراد کو سمندر سے نکالا گیا، جن میں سے ایک کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فرانسیسی شہر کیلے میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جب کہ دوسرا شخص جان بر نہ ہو سکا۔
جائے واقعہ پر کشتیاں اور ہوائی جہاز دیگر افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ انگلش چینل سمندر برطانیہ اور براعظم یورپ کو الگ کرتا ہے اور دنیا کے سب سے زیادہ مصروف شپنگ روٹس میں سے ایک ہے۔

اس خطرناک سمندری راستے سے ہزاروں افراد ہر سال فرانس سے برطانیہ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ برطانوی مائیگریشن واچ نامی تنظیم کے مطابق رواں برس اب تک انتیس ہزار سے زائد تارکین وطن اس راستے سے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے برطانیہ پہنچے۔
یہ تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں ایک تہائی کم ہے۔ واضح رہے کہ نومبر دو ہزار اکیس میں اسی راستے میں تارکین وطن کی کشتی کو پیش آنے والے ایک حادثے میں 29 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جب کہ رواں برس اگست میں بھی چھ افغان شہری اس سمندر میں ڈوب کر مارے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں