غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کے باعث مزید 60 سے زیادہ فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ میں فلسطینی شہداء کی تعداد 20 ہزار ہوچکی ہے، جس میں 8 ہزار بچے اور 6 ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔
حماس کی جانب سے اسرائیلی فوج کی بھرپور مزاحمت کا سلسلہ بھی جاری ہے، تازہ ترین کارروائی میں سرنگ میں داخل ہونے والے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کیا گیا ہے جس میں 5 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
القسام بریگیڈز کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ 72 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کی 41 فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کی رہائی اور جنگ بندی کے لیے جلد نئے معاہدے کی توقع نہیں ہے۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب حماس اور اسرائیلی نمائندے ایک نئے معاہدے پر پہنچنے کی کوشش میں مصر میں ملاقات کر رہے تھے۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ مصر میں موجود ہیں جو قطر کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدے کے لیے حکام سے مذاکرات کر رہے ہیں۔