عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے غزہ میں شہریوں کی ہلاکتیں روکنے کا مطالبہ کیا۔
ویٹی کن سے عرب میڈیا کے مطابق پیر کو کرسمس کے موقع پر ویٹی کن میں خطاب کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے کہا کہ معصوم شہریوں پر اسرائیلی حملوں کا خاتمہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں قید یرغمالیوں کو رہا کیا جائے۔ فریقین کے درمیان مذاکرات ہونے چاہئیں۔ امن کی بات کیسے کی جاسکتی ہے جب ہتھیاروں کی تجارت عروج پر ہو۔
پوپ فرانسس نے مزید کہا کہ غزہ کے لوگ درحقیقت بہت بے بس ہیں اور انہیں اس وقت اس مدد کی سخت ضرورت ہے، اس کے ساتھ ساتھ پوپ فرانسس نے تمام قیدیوں کی آزادی کا مطالبہ بھی کیا، انہوں نے کہا کہ تمام قیدیوں کو رہا کیا جائے تاکہ دونوں فریقوں کی تکالیف ختم ہوں،
پوپ نے ایسے حالات میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے کہ امریکی اور صیہونی حکومت نے حال ہی میں غزہ جنگ میں جنگ اور خونریزی کے فوری خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کے خلاف ووٹ دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پوپ فرانسس پہلے ہی جنگ بندی کا مطالبہ کر چکے ہیں، ادھر فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار سے تجاوز کر ہو گئی ہے۔