(ریذیڈنٹ ایڈیٹریورپ حمید چوہدری )
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پی ٹی آئی فرانس کی میزبانی میں پی ٹی آئی ورلڈ اوورسیز کا نفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں برطانیہ، کینیڈا، اور یورپ بھر سے بیسیوں ممالک کے وفود نے بھر پور شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی فوکل پرسن برائے چیر مین پی ٹی آئی عمران خان برائے یورپ و برطانیہ صاحبزادہ عامر جہانگیر تھے۔
اوور سیز ورلڈ کا نفرنس کے بنیادی مقاصد میں اوور سیز کی سطح پر پارٹی کومزید متحرک کرنا۔ چئیر مین عمران خان کی قیادت اور وژن پر مکمل اعتماد اور بھر پور سپورٹ کا اعادہ، پاکستان میں ہونے والے جنرل انتخابات میں پی ٹی آئی امیدواران کی ہر قسم کی سپورٹ کرنا ، اس مشکل وقت میں پارٹی کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈ اکٹھے کرنا اور اوور سیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ ووٹ کے حق کے لئے جد و جہد کرنا شامل تھا۔
اس موقع پر کانفرنس کے شرکاء کا جوش و جذبہ قابل دید تھا اور ہال پاکستان زندہ باد ، عمران خان زندہ باد، کون بچائے گا پاکستان عمران خان ظلم کا جواب ووٹ سے، پی ٹی آئی زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔
کانفرنس کے شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ پاکستان میں ہونے والی زیادتیوں اور نا انصافیوں پر کھل کر اپنے غم و غصے اور تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں و عہدیداران کے گھروں پر پولیس چھاپوں، چادر و چاردیواری کے تقدس کی پامالی اور خواتین و کارکنوں کے ساتھ بدسلوکی اور انسانیت سوز سلوک کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ۔
مقررین نے کہا کہ جنرل انتخابات کے موقع پر جس طرح سے پی ٹی آئی کے امیدواران کو انتخابی نشان سے محروم کیا گیا اور پی ٹی آئی امیدواروں کوکاغذات نامزدگی جمع کروانے سے روکا جارہا اور کاغذات نامزدگی چھنے جا رہے ہیں یہ انتہائی گھٹیا اور شرمناک اقدامات ہیں اور ایسے دھاندلی زدہ انتخابات کے نتیجہ کو کوئی بھی تسلیم کرے گا، کانفرنس کے شرکاء نے یک زبان ہو کر الیکشن کمیشن و نگران حکومت کے اس رویے کی بھر پور مذمت کی۔
اس موقع پر شرکا نے اعلان کیا کہ وہ پاکستان میں ہونے والے جنرل الیکشنز میں بھر پور شرکت کریں گے اور پی ٹی آئی امیدواروں کو ہر قسم کی سپورٹ فراہم کرنے گے۔
تقریب کے مہمان خصوصی صاحبزادہ عامر جہانگیر نے پی ٹی آء فرانس کی پوری ٹیم کو کانفرنس کے شاندار انقعاد پر مبارک باد پیش کی اور عمران خان اور پارٹی کے حوالے سے سب کو مکمل اتحاد و اتفاق سے چلنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کا نفرنس کے شرکاء نے عمران خان کی قیادت پر مکمل یقین و اعتماد کا اظہار کیا۔
کانفرنس میں قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔
مہمان خصوصی صاحبزادہ عامر جہانگیر کی جانب سے تمام چیپٹرز کے کارکنان کو ستائشی سرٹیفکیٹ بھی دیے گئے۔ تقریب کے آخر میں عمران خان کی صحت و سلامتی کے لئے مشتر کہ دعا بھی کروائی گئی۔
پی ٹی آئی اوور سیزر ورلڈ کانفرنس کی کامیابی کے لئے دن رات محنت کرنے والوں میں پی ٹی آئی فرانس کے راہنماؤں میں میاں ذولفقار جتالہ، یا سر قدیر، چوہدری گلزار لنگڑیال، چوہدری ماجد چیمہ، اشفاق جٹ، چوہدری اعجاز جٹ، لالہ شبیر برهان، یا سرخان، خالد پرویز چودھری، چودھری افضال ڈھل،ابوبکر گوندل ،سعید ملک ،عصمت اللہ تارڑ ، چودھری افضال ،ثقلین بھٹی, عدنان ڈھڈی، یا سر قدیر و دیگر شامل تھے۔