لاہور(نئی دنیا)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کے خلا ف کریک ڈائون بلا تعطل جاری ہے اور اس سلسلے میں جاری کریک ڈائون کے دوران پولیس ٹیم قتل کے مقدمات میں مطلوب 3خطرناک اشتہاریوں کو متحدہ عرب امارت سے گرفتار کرکے وطن واپس پہنچ گئی ہے ۔
رواں برس دیگر ممالک سے گرفتار اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 150 ہو گئی ہے ، ان اشتہاریوں کو امریکہ، برطانیہ، یورپ، افریقہ، سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے گرفتار کیا گیا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور پولیس کو مطلوب اشتہاری ذیشان یوسف نے 2023 میں شہری کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا، اشتہاری ہدایت اللہ نے 2017 میں رحیم یار خان میں شہری کو قتل کیا تھا، تیسرے اشتہاری محمد اکرم نے بہاولپور میں 2021 میں شہری کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔