جرمن پولیس نے رواں برس ریکارڈ پینتیس ٹن کوکین ضبط کی

جرائم کی تحقیقات کرنے والی وفاقی جرمن پولیس کی ملک میں منشیات سے متعلقہ جرائم کے بارے میں تازہ ترین رپورٹ کے مطابق 2017ء کے بعد سے جرمنی میں پکڑی جانے والی کوکین کی مقدار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی جرمن پولیس اور کسٹمز کے تفتیش کاروں نے 2023ء میں مجموعی طور پر کوکین کی 35 ٹن ریکارڈ مقدار ضبط کی۔ یہ اعداد و شمار جرائم سے نمٹنے کی ذمے دار ملکی پولیس کے فیڈرل کریمینل آفس (بی کے اے) کے ملک میں پکڑی جانے والی غیر قانونی منشیات کے عبوری سالانہ تخمینوں میں شامل ہیں۔

بی کے اے کے ترجمان نے کہا کہ 2022 ء میں ضبط کی گئی کوکین کی مقدار تقریباً 20 ٹن تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کوکین کی ریکارڈ مقدار 2021 میں ضبط کی گئی تھی، جو 23 ٹن بنتی تھی۔ این ڈی آر نامی شمالی جرمن نشریاتی ادارے نے رواں ماہ کے شروع میں اطلاع دی تھی کہ 2023 میں جرمن حکام کی طرف سے قبضے میں لی گئی کوکین کی مجموعی مقدار 40 ٹن تک پہنچ سکتی ہے۔
فیڈرل کریمینل آفس کی اس غیر حتمی سالانہ رپورٹ کے مطابق، 2017ء کے بعد سے جرمنی میں پکڑی جانے والی کوکین کی سالانہ مقدار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
2018 میں حکام نے صرف پانچ ٹن کوکین برآمد کی تھی۔ اس کا مطلب ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں میں یہ سالانہ مقدار بڑھ کر تقریباﹰ سات گنا ہو چکی ہے۔ جرمنی میں زیادہ تر کوکین جنوبی امریکی ممالک سےکنٹینروں کے ذریعے اور بنیادی طور پر شمالی شہروں ہیمبرگ اور بریمن کی بندرگاہوں کے راستے آتی ہے۔ ہیمبرگ کے کسٹمز انویسٹی گیشن آفس کے ترجمان کے مطابق اس سال دسمبر تک جرمنی کی مختلف بندرگاہوں سے 30 ٹن سے زیادہ منشیات پکڑی جا چکی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں