راولپنڈی (نئی دنیا) پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے پاک افغان سرحدسے دہشتگردوں کے داخلے کی کوشش ناکام بنادی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 31 دسمبر 2023 کو تین دہشتگردپاکستان -افغانستان کی سرحد سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے، دہشتگردوں کو سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ کے جنرل علاقے بٹوار میں گھیر لیا،فائرنگ کے تبادلے کے بعد تینوں دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
30/31 دسمبر کی رات ایک اور واقعے میں افغانستان کے اندر سے دہشتگردوں نے شمالی وزیرستان کے ضلع اسپن وام کے علاقے میں پاکستانی سرحدی چوکی پر فائرنگ کی، جس کا پاک فوج کے بہادر جوانوں نے بھرپور جواب دیا ،جس سے دہشتگردوں کو کافی نقصان پہنچا۔ تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران نائیک عبدالرؤف (عمر: 31 سال، رہائشی: ضلع رحیم یار خان) نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو جاری رکھنے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔