گذشتہ شب سویڈن کی سرد ترین رات تھی اور اس کے ساتھ ہی اس ملک میں سردی کا پچیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ سویڈن کے شمال میں درجہ حرارت منفی 43.6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سویڈن کی قومی موسمیاتی ایجنسی ایس ایم ایچ آئی کے ماہر موسمیات متھیاس لِنڈ نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، ” یہ سن 1999 کے بعد سے سویڈن میں جنوری کا سب سے کم ترین درجہ حرارت تھا۔‘‘
جنوری 1999 کے دوران سویڈن میں منفی 49 ڈگری سینٹی گریڈ (مائنس 56.2 فیرن ہائیٹ) درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔ تب1951 میں قائم کردہ ریکارڈ برابر ہوا تھا۔
اتنا کم درجہ حرارت سویڈن کے شمالی حصوں میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس حصے میں پہلے ہی اچھی خاصی سردی ہوتی ہے لیکن سردی کی موجودہ لہر نے مقامی بس آپریٹرز کو سروسز منسوخ کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ ٹرین آپریٹر وائی نے منگل کو کہا کہ اس نے اومیا شہر کے شمال میں کئی دنوں کے لیے تمام ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں۔
سویڈن کے ہمسایہ ملک فن لینڈ میں بھی ٹرینوں کی آمد و رفت میں خلل پڑا جبکہ لیپ لینڈ کے شمالی علاقے میں منگل کی شام درجہ حرارت منفی 38.7 سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
متاثرہ علاقے میں پانی کے پائپ منجمد ہونے کے بھی متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ فن لینڈ کے نشریاتی ادارے وائے ایل ای کے مطابق ٹیمپیر شہر میں تقریباً تین سو افراد کو پانی کی فراہمی منقطع ہو چکی تھی۔
انتہائی سرد درجہ حرارت، برف باری اور تیز ہواؤں نے پورے نورڈک خطے میں نقل و حمل کو متاثر کیا ہے۔ متعدد پُل بند کرنے کے ساتھ ساتھ فیری سروسز بھی معطل کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح متاثرہ علاقوں میں موسم بہتر ہونے تک اسکول بھی بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔