بعض سیاسی جماعتیں الیکشن ملتوی کرواکر راہ فرار اختیار کررہی ہیں،صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود نے الیکشن التواء پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے بھاگنے والوں کو اپنا انجام نظر آرہا ہے۔ بعض سیاسی جماعتیں الیکشن ملتوی کرواکر راہ فرار اختیار کررہی ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ الیکشن کے لیے تیار ہے اور اس حوالے سے ملک بھر میں انتخابی مہم شروع کررہے ہیں۔ بروقت الیکشن کا انعقاد ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔تمام امیدواران لاہور کے ایک ایک فرد تک مرکزی مسلم لیگ کی خدمت کی سیاست کا بیانیہ پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مسلم لیگ لاہور کے انتخابات کے حوالے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جس کی سربراہی مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کی۔جس میں مرکزی مسلم لیگ لاہور ڈویژن کے صدر چوہدری محمد سرور، انجنئیر عادل خلیق، حافظ طلحہ سعید، خالد نیک گجر، تابش قیوم ،انجنئیر حارث ڈار سمیت تمام قومی و صوبائی حلقوں کے امیدواران، پی پی صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔

مرکزی مسلم لیگ کے تنظیمی اجلاس میں آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ صدر پی ایم ایم ایل خالد مسعود سندھو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی حلقہ کسی سیاسی جماعت کی ملکیت نہیں ہے،لاہور کے اندر بھرپور انتخابی مہم کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق تشہیری مہم شروع کی جائے گی، لاکھوں منشور کی کاپیاں عوام کے گھروں میں پہنچائی جائیں گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر امیدوار یونین کونسل کی سطح پر بڑے انتخابی جلسے کا انعقاد کرے گا۔اجلاس میں موجود تمام قومی و صوبائی امیدواران نے انتخابی مہم کے حوالے سے اہداف لیے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم نے ہر گھر تک پہنچنا ہےاور عوام تک پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا پیغام پہنچانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں