فرانس میں نئی موٹر گاڑیوں کی ملکی مارکیٹ میں الیکٹرک کاروں کا تناسب مسلسل زیادہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ برس وہاں نئی خریدی گئی کاروں میں سے تقریباﹰ ہر پانچویں گاڑی ایک الیکٹرک کار تھی، جو قومی سطح پر ایک نیا ریکارڈ ہے۔
فرانس میں موٹر گاڑیوں کی تجارت کے شعبے کی ملکی تنظیم فرنچ آٹوموبائل فیڈریشن (پی ایف اے) کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں الیکٹرک کاریں خریدنے اور ان کے استعمال کا عوامی رجحان مسلسل بڑھتا جا رہا ہے، جو اس شعبے کے اور زیادہ ماحول دوست ہوتے جانے کے حوالے سے ایک خوش آئند بات ہے۔
اس تنظیم نے بتایا کہ 2023ء میں پورے ملک میں جتنی بھی نئی گاڑیاں فروخت ہوئیں، ان میں سے 17 فیصد الیکٹرک کاریں تھیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ فرانس میں خریدی جانے والی تقریباﹰ ہر پانچویں نئی کار مکمل طور پر ایک الیکٹرک کار تھی، نہ کہ ڈیزل یا پٹرول سے چلنے والی یا کوئی ہائبرڈ وہیکل۔
پچھلے برس فرانس میں پہلی مرتبہ رجسٹریشن کے بعد جو نئی گاڑیاں سڑکوں پر آئیں، ان میں سے نو فیصد ہائبرڈ وہیکلز تھیں۔
فرنچ آٹوموبائل فیڈریشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق الیکٹرک کاروں کی خریداری کا رجحان گزشتہ کئی برسوں سے جاری ہے لیکن اب ایسی گاڑیوں کی خریداری کا تناسب اور زیادہ ہوتا جا رہا ہے۔
اس کا ایک ثبوت یہ بھی ہے کہ 2023ء میں ریکارڈ تعداد میں نئی الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت کے بعد اب فرانس میں زیر استعمال گاڑیوں میں الیکٹرک کاروں کی شرح اور زیادہ ہو کر 26 فیصد ہو گئی ہے۔ یعنی اب فرانس میں چلائی جانے والی ہر چوتھی گاڑی کوئی نہ کوئی الیکٹرک کار ہوتی ہے۔
اس سے قبل 2022ء میں اس ملک میں رجسٹرڈ الیکٹرک گاڑیوں کا تناسب 22 فیصد بنتا تھا اور اس سے بھی ایک سال قبل 2021ء میں تو یہ صرف 18 فیصد تھا۔
فرانس میں پچھلے سال گاڑیوں کی فروخت میں مجموعی طور پر غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ایک ثبوت یہ بھی ہے کہ پچھلے سال وہاں جتنی نئی کاروں اور وینز کی رجسٹریشن ہوئی، ان کی تعداد ایک سال پہلے کے مقابلے میں 16.1 فیصد زیادہ تھی۔ اسی طرح گزشتہ برس نئے رجسٹر کیے گئے ٹرکوں کی تعداد 2022ء کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ رہی۔
مجموعی طور پر پچھلے سال فرانس میں 1.8 ملین نئی کاریں، وینز اور ٹرک رجسٹر کیے گئے۔ یہ تعداد 2021ء اور 2022ء کے مقابلے میں تو زیادہ تھی مگر سالانہ دو ملین نئی وہیکلز کی اس رجسٹریشن سے پھر بھی کم، جو کورونا وائرس کی عالمی وبا سے قبل وہاں اوسطاﹰ دیکھنے میں آتی تھی۔
فرانس میں الیکٹرک کاروں کی خریداری کا رجحان اس لیے بھی بہت زیادہ ہے کہ ملکی حکومت نے ایک ایسی اسکیم شروع کر رکھی ہے، جس کے تحت ای کاریں خریدنے والوں کی مالی مدد بھی کی جاتی ہے۔ یہ اعانت ایک ایسے گورنمنٹ فنانشل سپورٹ فنڈ سے دی جاتی ہے، جو پورے سال 2024ء میں بھی کام کرتا رہے گا۔
2023ء میں حکومت نے ایسی اعانتوں کے لیے 200 ملین یورو سے بھی کم کی رقوم مختص کی تھیں، اب لیکن اس فنڈ کی مجموعی مالیت کئی گنا اضافے کے بعد 1.5 بلین یورو کی جا چکی ہے۔
اس فنڈ کے تحت حکومت کی طرف سے اچھی آمدنی والے شہریوں کو کوئی نئی الیکٹرک کار خریدنے کے لیے 2023ء میں پانچ ہزار یورو کے بجائے اس سال اب چار ہزار یورو فی کس دیے جاتے ہیں۔
اس کے برعکس کم یا درمیانی آمدنی والے شہریوں کے لیے اس فی کس اعانت کی مالیت آج بھی سات ہزار یورو بنتی ہے، جس میں حکومت نے ماضی کے مقابلے میں کوئی کمی نہیں کی۔