گیبریئل ایٹال فرانس کے سب سے کم عمر وزیر اعظم منتخب ،ملکی تاریخ کے پہلے ایسے وزیر اعظم بھی ہیں جو ہم جنس پرست ہیں

ماکروں کی جانب سے ایٹال کے انتخاب کو یورپی پارلیمانی الیکشن سے قبل اپنی مقبولیت بڑھانے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے چونتیس سالہ گیبریئل ایٹال کو ملک کا نیا وزیر اعظم منتخب کر لیا ہے۔ اس طرح ایٹال فرانس کے سب سے کم عمر وزیر اعظم بن گئے ہیں۔ وہ ملکی تاریخ کے پہلے ایسے وزیر اعظم بھی ہیں جو ہم جنس پرست ہیں اور اس بات کو انہوں نے پنہاں نہیں رکھا ہے۔

ایٹال فی الوقت فرانس کے وزیر تعلیم ہیں اور کووڈ انیس کی وبا کے دوران وہ حکومتی ترجمان بھی رہ چکے ہیں۔ ماکروں کے یہ قریبی اتحادی بحیثیت وزیر اعظم الزبتھ بورن کی جگہ لیں گے۔
ماکروں کی جانب سے وزیر اعظم کے منصب کے لیے ایٹال کے انتخاب کو یورپی پارلیمانی الیکشن سے قبل اپنی مقبولیت بڑھانے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

گو کہ ان کا یہ اقدام ان کے لیے کسی بڑی سیاسی تبدیلی کا سبب تو نہیں بنے گا، لیکن یہ ایک اشارہ ہے کہ ماکروں گزشتہ برس تنقید کا نشانہ بننے والی اپنی حکومت کی پینشناور مہاجرت کی پالیسیوں کے بعد اب جون میں ہونے والے پورپی پارلیمانی الیکشن میں اپنی جماعت رینیسانس کی جیت کے امکانات بڑھانا چاہتے ہیں۔
ماکروں 2022ء میں دوسری مرتبہ فرانس کے صدر منتخب ہوئے تھے، لیکن اس الیکشن میں ان کی حکومت نے پارلیمان میں اپنی واضح اکثریت کھو دی تھی۔ ماکروں کو پارلیمان اور سیاسی میدان میں تب سے ہی مشکل حالات کا سامنا ہے۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق مقبولیت کے اعتبار سے اس وقت دائیں بازو کی لیڈر مرین لے پین کی سیاسی جماعت کو ماکروں کی جماعت اور حمایتیوں پر تقریبا آٹھ سے دس پرسینٹیج پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔
تاہم ان جائزوں کے مطابق ایٹال اس وقت ملک کے مقبول ترین سیاستدانوں میں سے ایک ہیں۔
ان جائزوں میں سے ایک، یرسن انٹریکٹو میں اپنی رائے دینے والے ژاں ڈینیئل لیوی کا کہنا ہے کہ ماکروں اور ایٹال کی جوڑی موجودہ فرانسیسی حکومت کو “نئی زندگی دے سکتی ہے۔


لیکن فرانس میں حذب اختلاف کا خیال ہے کہ ایٹال کے وزیر اعظم منتخب ہونے سے ملک کے سیاسی منظر نامے میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئے گی کیونکہ زیادہ تر حکومتی فیصلے ماکروں ہی کرتے ہیں۔

اس حوالے سے سوشلسٹ پارٹی کے لیڈر اولیویئر فورے نے فرانس انٹر ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا، “چاہے الزبتھ بورن ہوں، گیبریئل ایٹال یا کوئی اور، مجھے کوئی پرواہ نہیں کیونکہ پالیسیاں تو وہی رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں