راولپنڈی کے علاقے رینج روڈ پر گذشتہ ہفتے برطانیہ سے آئے شہری کے ساتھ ڈکیتی کرنے کے بعد اسے قتل کے ملزمان پولیس کارروائی میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان سجاد الحسن نے دعویٰ کیا ہے کہ ’برطانیہ سے آنے والے شہری کے قتل میں ملوث بین الصوبائی گینگ کے ملزمان نے رات گئے ریس کورس کے علاقے میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔‘
ترجمان کے مطابق ’پولیس نے موٹر سائیکل سوار ڈکیتوں کو روکنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ ڈاکؤں کے قبضے سے پولیس یونیفارم، لیپ ٹاپ، بیگ اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان ائیرپورٹ پر ریکی کرتے تھے اور بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کو ٹارگٹ کرتے تھے۔ ملزمان نے کینیڈا سے آئے شہری کے ساتھ بھی واردات کی تھی۔
پولیس ترجمان کے مطابق ’راولپنڈی میں ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق بین الصوبائی گینگ سے تھا۔ گینگ کے ارکان کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں وارداتیں کرتے تھے۔‘
’ملزمان کو اس سے پہلے تھانہ کینٹ کے علاقے سے گرفتار کر کے چالان کیا گیا تھا۔ ڈکیت گینگ وارداتوں کے دوران پولیس یونیفارم استعمال کرتا تھا۔‘
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’راولپنڈی کے تھانہ مورگاہ کے علاقہ میں بھی موٹر سائیکل سوار 4 ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ میں دو ملزمان ہلاک ہو گئے۔
یاد رہے کہ ملزمان نے بیرون ملک سے راولپنڈی پہنچنے والے ایک سمندر پار پاکستانی تصرف محمود کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کر دیا گیاتھا
راولپنڈی پولیس کے پاس واقعے کی درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اتوار کو مانچسٹر سے اسلام آباد پہنچنے والے سمندر پار پاکستانی تصرف محمود کو رینج روڈ راولپنڈی کے مقام پر پولیس وردیوں میں ملبوس ملزمان نے لوٹ لیا، اوور سیز پاکستانی نے دوران ڈکیتی مزاحمت کی جس پر مسلح ڈاکوؤں نے انہیں قتل کر دیا۔