پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ 16 ماہ کی حکومت میں سب سے بہتر تعاون چوہدری شجاعت اور چوہدری سالک نے کیا، ہم ہر حال میں ق لیگ کے ساتھ تعاون کرنا چاہتے ہیں۔
ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ہم نے جس سے بھی وعدہ کیا پورا کیا، ق لیگ کے ساتھ بہاولپور این اے 165 کا وعدہ تھا ہم نے خالی چھوڑا ہے، طارق بشیر چیمہ کی خواہش تھی کہ دونوں صوبائی حلقے بھی خالی چھوڑے جائیں، ان دو صوبائی حلقوں سے متعلق بھی کوشاں ہیں کہ ایڈجسٹمنٹ ہوجائے۔ ق لیگ کے ساتھ ہم نے جو بات کی پوری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کو درخواست کی کہ لودھراں سے لڑنا چاہتے ہیں تو ٹھیک ہے یہاں سے بھی لڑ لیں، جہانگیر ترین کے لیے ملتان میں حلقہ 149 خالی چھوڑا ان کی بھرپور سپورٹ کریں گے۔
پارٹی میں ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق بات کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ طلال چوہدری کو آج سمجھایا، ان کے ساتھ کمٹمنٹ بھی پوری کریں گے، سینیٹ میں پارٹی صدر نے طلال چوہدری سے وعدہ کیا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے یہ بھی کہا کہ دانیال عزیز نے کام کیا لیکن کسی کو پارٹی کا مذاق اڑانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، دانیال عزیز کو نوٹس کیا تو انہوں نے نوٹس کا بھی مذاق اڑایا، ٹیم میں بہت سے لوگ ہیں جن کو معیشت کی اچھی سمجھ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ ابھی سائیڈ ہوئے ہیں جب پارٹی کو ضرورت ہوگی تو آجائیں گے۔
رانا ثناء نے یہ بھی کہا کہ جن لوگوں نے ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائے ہیں وہ سیاسی کارکن کی تعریف سے باہر ہوجاتے ہیں۔