میری وفاداریاں عمران خان کے ساتھ رہیں گی ،سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی عام انتخابات 2024 سے دستبردار

جاوید ہاشمی نے حلقہ این اے 149 سے چیرمین استحکام پارٹی جہانگیر ترین اور ملک عامر ڈوگر کے مدمقابل کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔
جاوید ہاشمی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ ہوتے ہوئے اپنا سیاسی وزن تحریک انصاف اور عمران خان کے پلڑے میں ڈالتا ہوں اور الیکشن سے دستبردار ہوتا ہوں۔
جاوید ہاشمی تحریک انصاف چھوڑنے کے بعد کئی سال تک مسلم لیگ (ن)کے انتہائی قریب رہے اور بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے رہے تاہم آج انہوں نے انکشاف کیا کہ میری وفاداریاں عمران خان کے ساتھ رہیں گی۔
واضح رہے کہ جاوید ہاشمی 2011 میں مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تاہم بعد میں عمران سے اختلاف کے باعث 2014 میں ان سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
جاوید ہاشمی پی ٹی آئی سے علیحدگی کے بعد باضابطہ طور پر مسلم لیگ ن میں شامل نہیں ہوئے تھے تاہم وہ خود کو مسلم لیگی ظاہر کرتے ہوئے اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کے علاوہ تقریبات میں بھی شرکت کرتے رہے ہیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ 2014ء میں تحریک انصاف سے علیحدگی کے وقت جاوید ہاشمی نے عمران خان پر اسٹیبلشمنٹ کی قربت کا الزام عائد کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں