سعودیہ عرب میں پہلی بار غیر مسلم سفارتکاروں کے لیے شراب خانہ کُھلنے جارہا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی حکومت دارالحکومت ریاض میں آئندہ چند ہفتوں میں خصوصی طور پر غیر مسلم سفارتکاروں کے لیے شراب خانہ کھول دے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غیر مسلم سفارتکاروں کو شراب کی خریداری کے لیے پہلے اپنے آپ کو آن لائن ایپ کے ذریعے رجسٹرڈ کرواکر وزارت خارجہ سے کلیئرنس کوڈ حاصل کرنا ہوگا، خریداروں کو ماہانہ مخصوص کوٹہ دیا جائےگا۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس سے مملکت میں مقیم غیر مسلم تارکین وطن بھی مستفید ہوسکیں گے یا نہیں۔
سعودی حکومت کی جانب سے خبر پر ابھی کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔
خیال رہےکہ سعودی قانون کے تحت شراب پر پابندی عائد ہے اور شراب نوشی کے جرم میں جج مجرم کو سرعام کوڑے مارنے سمیت دیگر سخت سزائیں دے سکتے ہیں۔ تاہم ’وژن 2030‘ کے تحت ان قوانین کی تجدید کی جارہی ہے۔