ایک گھر خریدنے کے لیے کم از کم بھی لاکھوں روپوں کی ضرورت تو ہوتی ہے مگر کیا آپ ایسا مکان خریدنا پسند کریں گے جس کی قیمت صرف 3 یورو (لگ بھگ 907 پاکستانی روپے) ہو؟
اگر ہاں تو اٹلی کے جزیرے سسلی کے ایک قصبے میں آپ گائے کے ایک کلو گوشت سے بھی کم قیمت میں گھر کو خرید سکتے ہیں۔
سسلی کے قصبے Sambuca di Sicilia میں تیسری بار سستے گھروں کو فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل 2019 اور 2021 میں بھی یہ پروگرام کافی کامیاب ثابت ہوا تھا۔
قصبے کے نومنتخب میئر Giuseppe Cacioppo نے بتایا کہ آنے والے برسوں میں مختلف مراحل میں گھروں کو فروخت کیا جا سکتا ہے کیونکہ غیر ملکی ہمارے گھر خریدنے میں بہت زیادہ دلچسپی ظاہر کرتے ہیں۔
اس بار 12 گھروں کو اس پروگرام کے تحت فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے اور Giuseppe Cacioppo کے مطابق یہ وقت پروگرام کے لیے مثالی ہے کیونکہ سیاح اٹلی کا رخ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے گھر تعمیراتی لحاظ سے مضبوط ہیں مگر ان کی تزئین نو کی ضرورت ہے۔
2019 میں اس قصبے میں گھروں کو ایک یورو میں فروخت کیا گیا تھا جبکہ 2 برس بعد دوسرے مرحلے میں گھروں کی قیمت 2 یورو کر دی گئی تھی۔
اس خوبصورت یورپی قصبے میں رہائش پر آپ کو لاکھوں روپے دیے جائیں گے
اس پروگرام کے تحت غیر ملکیوں نے اٹلی کے اس قصبے میں گھر خریدے اور وہاں کی معیشت میں 2 کروڑ یورو کا اضافہ کیا۔
اس پروگرام کی کامیابی کا راز یہ ہے کہ وہاں کے خالی گھر مقامی انتظامیہ کی ملکیت میں ہیں۔
اٹلی کے دیگر قصبوں میں اس طرح کے پروگرامز متعارف کرائے گئے مگر وہاں وہ اس لیے کامیاب نہیں ہو سکے کیونکہ انتظامیہ کو مالکان کی اجازت نہیں مل سکی۔
اس علاقے کا سب سے تاریخی مقام پالمیرو ہیں، جہاں رومن بادشاہت کے دوران 5 تہذیبیں بستی تھیں۔
علاوہ ازیں سسلی کا یہ علاقہ سیاحت اور کھانوں کے حوالے سے بھی نہ صرف اٹلی بلکہ یورپ اور دنیا بھر میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
اب جو گھر فروخت کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں وہ 2 سے 3 کمروں کے ہیں اور ان کا رقبہ 50 سے 80 اسکوائر میٹر ہے۔
گھر کو خریدنے کے خواہشمند افراد کو زر ضمانت کے طور پر 5 ہزار یورو جمع کرانا ہوں گے اور اگر ان کی درخواست مسترد کی گئی تو یہ رقم واپس کر دی جائے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ گھروں کو خریدنے میں کامیاب افراد کو 3 سال کے اندر ان کی تزئین نو کا کام مکمل کرنا ہوگا ورنہ ان کی جمع کرائی گئی رقم انتظامیہ ضبط کرلے گی۔