یونان میں 4 ہزار سال پرانی پراسرار عمارت دریافت

یونان میں 4 ہزار سال پرانی پتھروں سے بنی پراسرار عمارت دریافت کی گئی ہے جس نے ماہرین کے ذہنوں کو الجھا دیا ہے۔
یونان کی وزارت ثقافت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس عمارت کو سیاحتی جزیرے کریٹ میں ایک پہاڑی کے اوپر دریافت کیا گیا۔بیان کے مطابق یہ بہت دلچسپ دریافت ہے اور یہ عمارت کریٹ کی مینوسی تہذیب سے تعلق رکھتی ہے۔یہ تہذیب محلات، آرٹ اور رمزی تحریری نظام کی وجہ سے جانی جاتی ہے۔1800 سکوائر میٹر رقبے پر پھیلی یہ عمارت اوپر سے گاڑی کے بڑے پہیے کی طرح نظر آتی ہے اور اسے حال ہی میں کھدائی کے دوران دریافت کیا گیا۔Kastelli نامی قصبے کے قریب زیرتعمیر ایک نئے ایئرپورٹ کے لئے ریڈار سٹیشن کی تعمیر اس مقام پر ہونی تھی جہاں یہ عمارت دریافت ہوئی۔یہ ایئرپورٹ 2027 میں کھولا جائے گا اور یونان کا دوسرا بڑا ایئرپورٹ بن جائے گا۔
ماہرین آثار قدیمہ ابھی تک یہ نہیں جان سکے کہ پہاڑی کے اوپر موجود اس سٹرکچر کو کس لئے تعمیر کیا گیا تھا کیونکہ اس سے پہلے وہاں مینوسی تہذیب کے کوئی آثار دریافت نہیں ہوئے تھے۔ان کا خیال ہے کہ ممکنہ طور پر اس عمارت کو مذہبی تقاریب کے لئے استعمال کیا جاتا ہوگا۔وزارت ثقافت کے بیان میں بتایا گیا کہ عمارت کے اندر بڑی تعداد میں جانوروں کی ہڈیاں دریافت کی گئی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ اسے مختلف تقاریب کے لئے استعمال کیا جاتا تھا۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ عمارت کا حجم، تعمیراتی انداز اور دیگر پہلوو¿ں کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس تعمیر کے لئے کافی بڑی تعداد میں مزدوروں کی ضرورت پڑی ہوگی اور اپنے عہد میں پورے علاقے میں نمایاں نظر آتی ہوگی۔وزارت ثقافت کا کہنا تھا کہ یہ عمارت 2 ہزار سے 1700 قبل مسیح میں استعمال کی جاتی ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں