لطیف آباد بی سیکشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھریلو تنازع پر قید کی گئی ماں بیٹی کو بازیاب کروا لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی لطیف آباد یونٹ نمبر 5 کے ایک گھر میں کی گئی، جہاں گھریلو تنازع پر بھتیجوں نے اپنی چچی اور اس کی بیٹی کو کمرے میں بند کرکے دروازے کے سامنے پختہ دیوار چنوا دی تھی۔
بھتیجے ماں بیٹی کو گھر کو بند کرکے فرار ہوگئے تھے۔ مقامی افراد نے پولیس مددگار 15 پر واقعے کی اطلاع دی، جس پر بی سیکشن پولیس نے پہنچ کر دیوار توڑ کر ماں بیٹی کو بہ حفاظت نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
ماں اور بیٹی کو ایک دن قبل قید کیا گیا تھا۔ خواتین کی شناخت مسماۃ تسلیم جہاں زوجہ عبدالحق اور اس کی بیٹی دعا کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس علاقے میں پہنچی تو گھر کے مرکزی دروازے پر بھی باہر سے تالا لگا ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔