دنیا بھر میں آج 2جولائی اسپورٹس جرنلسٹس کا عالمی دن پورے شایان شان انداز میں منایا جارہا ہے

دنیا بھر میں آج 2جولائی اسپورٹس جرنلسٹس کا عالمی دن پورے شایان شان انداز میں منایا جارہا ہے
عالمی اسپورٹس جرنلسٹس ڈے کے موقع پر اسپورٹس جرنلسٹس کی عالمی تنظیم اے آئی پی ایس کی 100ویں سالگرہ انتہائی جوش و خروش سے منائی جارہی ہے۔

پاکستان میں پی ایس ڈبلیو ایف کی مرکزی تقریب کراچی اور اے آئی پی ایس ایشیاء کی تقریب کا انعقاد پشاور میں ہوگا، اصغر عظیم سیکریٹری جنرل پی ایس ڈبلیو ایف

تین بار عالمی تنظیم کی ایگزیکٹو باڈی کے رکن اور تین بار اے آئی پی ایس ایشیاء کے سیکریٹری جنرل کا اعزاز حاصل کرنے والے امجد عزیز ملک پاکستانی اسپورٹس جرنلسٹس کے لئے رول ماڈل ہیں۔ اصغر عظیم

سپورٹس جرنلسٹس کھیلوں کی ترقی و سبز ہلالی پرچم بلند رکھنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اصغر عظیم
(پریس ریلیز)
پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن (PSWF) کے سیکریٹری جنرل اصغر عظیم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 2 جولائی کو سپورٹس جرنلسٹس کا عالمی دن اور سپورٹس جرنلسٹس کی عالمی تنظیم اے آئی پی ایس کی 100 ویں سالگرہ انتہائی جوش و خروش اور اس عزم کی تجدید کے ساتھ منائی جا رہی ہے کہ کھلاڑیوں کی طرح سپورٹس جرنلسٹس بھی کھیلوں کی ترقی و فروغ اور ملک و قوم کا سبز ہلالی پرچم بلند رکھنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔یہ دن ہر سال 2جولائی کو منایا جاتا ہے جس کا آغاز 1970 میں اے آئی پی ایس نے کیا تھا۔ سپورٹس جرنلسٹس کی عالمی تنظیم اے آئی پی ایس 2 جولائی 1924 کو پیرس اولمپکس کے دوران ایک باکسنگ رنگ میں منعقدہ اجلاس کے بعد قائم ہوئی تھی جس کے ممبرممالک کی تعداد اب200 سے بڑھ چکی ہے جبکہ انفرادی ممبران دو لاکھ سے زیادہ ہیں۔ پاکستان بھی سپورٹس جرنلسٹس کی عالمی تنظیم کا فعال رکن ہے اور پاکستان کے سینیئر سپورٹس جرنلسٹ امجد عزیز ملک جنہیں حال ہی میں ان کی خدمات پر حکومت پاکستان نے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا ہے اے آئی پی ایس کی 100 سالہ تاریخ میں پہلے پاکستانی ہیں جو تین بار بھاری اکثریت سے اے آئی پی ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور ایشین سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔
پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن نے پاکستان کا سافٹ امیج دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لئے چار بین الاقوامی کانگرسز کا انعقاد بھی کیا جن میں دنیا بھر سے مندوبین نے شرکت کی یہی وجہ ہے کہ پاکستانی سپورٹس جرنلسٹس کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
سپورٹس جرنلسٹس کے عالمی دن منانے کا مقصد جہاں سپورٹس جرنلسٹس کی کھیلوں کی ترقی و فروغ کے لئے خدمات کا اعتراف ہے وہیں اس دن کی مناسبت سے دنیا بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے اور سپورٹس جرنلسٹس کو باور کروایا جاتا ہے کہ وہ بھی کھلاڑیوں کی طرح کسی بھی ملک کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں اور انہیں اپنے ملک و قوم کی عزت و افتخار میں اضافہ کے لئے معیاری سپورٹس جرنلزم کو تقویت دینے کے لئے اپنا قلم استعمال کرنا ہو گا۔ رواں سال یہ دن منانا اس لئے بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ زندگی کے دوسرے شعبوں کی طرح سپورٹس میں بھی فیک نیوز نے جہاں کھلاڑیوں کو پریشانی سے دوچار کیا ہے وہیں ان کے اہل خانہ بھی شدید اذیت کا شکار ہوتے ہیں جس کے پیش نظر دو جولائی کو اس عزم کا اعادہ بھی کیا جائے گا کہ سپورٹس جرنلسٹس اپرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے علاوہ سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے اور مثبت صحافت کے ذریعہ حقائق کو انتہائی ایمان داری کے ساتھ اپنے پڑھنے اور سننے والوں تک پہنچائیں گے۔

پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج سپورٹس جرنلسٹس کا عالمی دن اور سپورٹس جرنلسٹس کی عالمی تنظیم اے آئی پی ایس کی 100 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن کی مرکزی تقریب کراچی میں ہو گی۔سندھ سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن تقریب کی میزبانی کرے گی۔ کوئٹہ، لاہور اور اسلام آباد میں صوبائی ایسوسی ایشنوں کے زیر اہتمام سیمینار اور ورک شاپ منعقد کی جائیں گی۔ ایشین سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کی تقریب پشاور میں منعقد ہو گی جس کی میزبانی خیبر پختون خوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کرے گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں