یکم جنوری سے بلغاریہ اور رومانیہ بھی شینگن زون کے مکمل رکن
یورپی یونین کے رکن ممالک نے اگلے سال یکم جنوری سے بلغاریہ اور رومانیہ کے لیے بھی اس بلاک کے شینگن معاہدے کے مکمل رکنیت کی منظوری دے دی ہے۔ یہ دونوں ممالک یونین کے انتیس رکنی آزاد سرحدی معاہدے کے اب تک جزوی رکن ہیں
بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی یونین کے صدر دفاتر سے جمعرات 12 دسمبر کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق قومی سرحدوں پر نگرانی کے بغیر اور عام افراد کی آزادانہ نقل و حرکت کی ضمانت دینے والے شینگن زون میں شامل ممالک کی تعداد اس وقت 29 ہے۔
انتیس شینگن ممالک کون کون سے؟
یورپی یونین کے آزاد سرحدی معاہدے میں اب تک شامل 29 میں سے 25 ممالک ایسے ہیں، جو 27 رکنی یوری یونین کے ارکان بھی ہیں۔ شینگن زون کی رکن باقی ماندہ چار ریاستیں سوئٹزرلینڈ، ناروے، آئس لینڈ اور لیختن شٹائن ہیں، جو یورپی یونین میں تو شامل نہیں مگر شینگن زون کا حصہ ہیں
یونین کے 1985ء میں قائم کیے جانے والے شینگن زون کی رکن 29 ریاستوں میں مشرقی یورپی ممالک بلغاریہ اور رومانیہ اب بھی شامل تو ہیں، مگر وہ اس معاہدے کے جزوی رکن ہیں۔
اس بارے میں نئی پیش رفت یونین کی رکن ریاستوں کی طرف سے کیا جانے والا یہ متفقہ فیصلہ ہے کہ یکم جنوری 2025ء سے یہ دونوں مشرقی یورپی ملک بھی شینگن زون کے مکمل رکن بن جائیں گے۔
ہنگری کی طرف سے کیا جانے والا اعلان
یورپی یونین کی صدارت کرنے والا ملک ہر چھ ماہ بعد بدل جاتا ہے۔ اس وقت یہ صدارت ہنگری کے پاس ہے۔ ہنگری کے وزیر داخلہ سانڈور پنٹر نے یورپی یونین کے وزرائے داخلہ کی کونسل کے سربراہ کے طور پر اعلان کرتے ہوئے کہا، ”یہ ایک تاریخی لمحہ ہو گا کہ ہم شینگن زون میں بلغاریہ اور رومانیہ کا بھی مکمل رکن ریاستوں کے طور پر خیر مقدم کر سکیں گے
یہ دونوں ملک 2007ء میں یورپی یونین میں شامل ہوئے تھے اور ان کی اس بلاک کے آزاد سرحدی معاہدے میں جزوی شمولیت اس سال مارچ میں اس وقت عمل میں آئی تھی، جب وہاں سے دیگر شینگن ممالک تک آمد و رفت کے لیے فضائی اور بحری راستوں سے سفر سے پہلے بارڈر کنٹرول ختم کر دیا گیا تھا۔
زمینی راستے سے سفر کے وقت تاہم ان ممالک اور باقی ماندہ شینگن زون کے درمیان سرحدی نگرانی کا عمل اب بھی جاری ہے۔
اس کی وجہ آسٹریا کی طرف سے ماضی میں ظاہر کی گئی یہ تشویش بنی تھی کہ سرحدی نگرانی مکمل طور پر ختم کیے جانے سے ان دونوں ملکوں سے باقی رکن ریاستوں میں تارکین وطن کی بڑی تعداد میں آمد کا سلسلہ شروع ہو سکتا تھا
آسٹریا نے لیکن اس ہفتے کے آغاز پر اعلان کر دیا تھا کہ وہ اس بارے میں ہونے والے یورپی یونین کے وزرائے داخلہ کے اگلے اجلاس میں اپنا ویٹو کا حق استعمال نہیں کرے گا۔ اسی لیے یونین کے وزراء نے آج 12 دسمبر کو یہ فیصلہ اتفاق رائے سے کیا کہ یکم جنوری سے بلغاریہ اور رومانیہ بھی شینگن معاہدے کے مکمل رکن بن جائیں گے۔
اس کا مطلب یہ ہو گا کہ اگلے ماہ کے آغاز سے بلغاریہ اور رومانیہ سے یا شینگن معاہدے میں شامل دیگر ممالک سے وہاں تک کا ہر قسم کا سفر اور آمد و رفت کسی بھی سرحدی نگرانی کے بغیر ممکن ہوں گے۔
یورپی یونین کے شینگن زون کی خاص بات یہ ہے کہ دنیا کا ایسا سب سے بڑا خطہ ہے، جس میں داخلی سرحدوں پر نگرانی کے بغیر آزادانہ سفر کیا جا سکتا ہے۔ اس زون میں رہنے والے 400 ملین سے زیادہ یورپی باشندے کسی بھی رکن ملک میں بارڈر کنٹرول کے بغیر باآسانی آ جا سکتے ہیں۔