آذربائیجان کے ایک مسافر طیارے کے کریش ہونے کے سبب کم از کم 42 افراد کے ہلاک ہو جانے کا خدشہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس طیارے پر عملے کے پانچ ارکان کے علاوہ 105 مسافر سوار تھے۔
آذربائیجان ایئرلائنز کے مطابق ایمبریئر 190 طرز کے طیارے نے قزاقستان کے شہر اکتاؤ کے ایئر پورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ قزاقستانی حکام کے مطابق کریش ہونے والے طیارے میں لگی آگ بجھانے اور ریسکیو کے لیے امدادی کارکن موقع پر موجود ہیں۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اب تک اس طیارے سے چار ہلاک شدگان کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روسی جمہوریہ چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی جا رہا تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس طیارے پر 105 مسافر اور عملے کے پانچ ارکان سوار تھے۔ تاہم دیگر اطلاعات کے مطابق اس طیارے پر سوار مسافروں کی تعداد 67 تھی۔
قزاقستان کے محکمہ سول ڈیفنس کے مطابق کم از کم 30 افراد اس کریش میں محفوظ رہے، جن میں 22 کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ کئی ویڈیوز میں بحیرہ کیسپیئن کے ساحلی شہر اکتاؤ کے ایئر پورٹ پر کریش ہونے والے اس طیارے سے دھوئیں کے کالے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جا سکتے تھے۔
کچھ غیر مصدقہ ویڈیوز سے اندازہ ہوتا ہے کہ طیارے نے جب لینڈنگ کی، تو اس میں سے آگ کے شعلے نکل رہے تھے جس کے بعد اس میں سے دھوئیں گے گہرے بادل اٹھنے لگے۔
اطلاعات کے مطابق اس واقعے کے بعد گروزنی کے ایئر پورٹ کو فی الحال بند کر دیا گیا ہے اور وہاں جانے والی مسافر پرازوں کو قریبی ہوائی اڈوں کی طرف موڑا جا رہا ہے۔