صدر آصف علی زرداری نے شہزادہ رحیم الحسینی آغا خان پنجم سے لزبن کے اسماعیلی دیوان میں پرنس کریم آغا خان چہارم کے انتقال پر تعزیت کے لیے ملاقات کی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پوری قوم ایک سچے دوست اور عظیم انسان دوست شخصیت سے محروم ہونے پر سوگوار ہے۔
مرحوم آغا خان کو ایک وژنری رہنما اور انسان دوست کے طور پر اعزاز دیتے ہوئے صدر نے تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور غربت کے خاتمے کے لیے ان کی تبدیلی کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کے دیرپا اثرات پر روشنی ڈالی، بشمول پاکستان کی ترقی میں ان کا اہم کردار، خاص طور پر پسماندہ علاقوں میں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ چین کے سرکاری دورے کے دوران آغا خان کے انتقال کی خبر ملی، مرحوم آغا خان کی انسانیت کے لیے زندگی بھر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے لزبن آیا ہوں، انسانیت کے لیے مرحوم آغا خان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، امید ہے کہ پرنس رحیم الحسینی انسانیت کی خدمت کا اپنے والد کا مشن جاری رکھیں گے۔
پرنس رحیم آغا خان نے تعزیت پر صدر پاکستان آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا اور خدمت اور ترقی کے مشن کو جاری رکھنے کے خاندان کے عزم کا اعادہ کیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روزاسلامی جمہوریہ پاکستان صدر جناب آصف علی زرداری لزبن پہنے تھے ائیرپورٹ پر پرتگال میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد خالد اعجاز اور پرتگالی اسٹیٹ پروٹوکول کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔
پرنس کریم آغا خان 88 برس کی عمر میں 4 فروری کو انتقال کرگئے تھے، پرنس کریم آغا خان کا انتقال پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہوا اور ان کی تدفین مصر کے شہر اسوان میں ہوئی۔
پرنس کریم آغا خان 1936 میں پیدا ہوئے، پرنس کریم آغا خان کے 3 بیٹے رحیم آغاخان، علی محمد آغا خان اور حسین آغا خان اور ایک بیٹی زہر ا آغا خان ہیں۔
پرنس کریم سوئٹزرلینڈ میں پیدا ہوئے، نیروبی میں بچپن گزارا، ہارورڈ سے اسلامی تاریخ میں ڈگری لی۔
پرنس کریم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں امام تھے، پرنس کریم آغا خان نے 20 سال کی عمرمیں 1957 میں امامت سنبھالی تھی۔
پرنس کریم آغا خان نے آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے ذریعے دنیا کے مختلف خطوں میں فلاحی اقدامات کیے، انہیں مختلف ممالک اوریونیورسٹیوں کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزازات اور اعزازی ڈگریوں سے نوازا گیا۔
پرنس کریم نے پاکستان کی ترقی کے لیے بھی مثالی خدمات انجام دیں، مثالی خدمات پر انہیں نشان پاکستان اور نشان امتیاز سے نوازا گیا۔