کھاریاں (جبار ساگر)بلوم فیلڈ ہال سکول کھاریاں کے زیر اہتمام رنگا رنگ ریجنل اولیمپیاڈ کا انعقاد۔ ناردرن ریجن سے نو برانچوں کے اتھلیٹس کی شرکت۔ پشاور برانچ نے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ کھیلوں کا انعقاد کھاریاں کینٹ سپورٹس گراونڈ میں ہوا۔ سابق وفاقی وزیر چوہدری قمر زمان کائرہ اور سی ای او کینٹ بورڈ کھاریاں سیدہ امامہ علی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
بلوم فیلڈ ہال سکول جہاں عصری تقاضوں سے ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے تعلیمی میدان میں اپنی گراں قدر خدمات پیش کرنے میں کوشاں ہے وہی غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی طلباء و طالبات کے درمیان بہترین صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع پیدا کرنے میں اپنی مثال آپ ہے۔ گزشتہ روز کھاریاں کینٹ سپورٹس گراونڈ میں سالانہ اولیمپیاڈ کا انعقاد اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ کھیل کے میدان میں پشاور، کامرہ، چکوال، میرپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ کینٹ، گوجرانوالہ سٹی، کھاریاں کینٹ اور کھاریاں سٹی برانچ سے مجموعی طور پر 350 اتھلیٹس نے شرکت کی۔ دن بھر جاری رہنے والے مقابلوں میں مختلف مقابلہ جات کا انعقاد ہوا جس میں پشاور برانچ نے پہلی، فیصل آباد برانچ نے دوسری اور کھاریاں کینٹ برانچ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ والدین اور شہریوں کی کثیر تعداد نے کھیلوں کے مقابلوں سے لطف اٹھایا۔ سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ اور سی ای او کھاریاں کینٹ سیدہ امامہ علی نے طلباء و طالبات کی کارکردگی کو خوب سراہا اور کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لیے ایسی سرگرمیاں مثبت کردار ادا کرتی ہیں
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بلوم فیلڈ ہال گزشتہ 40 سالوں سے میدان تعلیم میں گرانقدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ کھاریاں و گردونواح کے ہزاروں طالب علم اس ادارہ سے فارغ ہو کر میدان عمل میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں۔ سی ای او سیدہ امامہ علی نے کہا کہ شہریوں کو بہترین کھیلوں کی سہولتیں مہیا کرنے کے لیے ہر طرح کے وسائل کا استعمال کیا جائے گا۔ کھاریاں کینٹ میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو توانا رکھنے کے لیے کینٹ بورڈ اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
کھیلوں کے ان مقابلوں کے انعقاد میں کھاریاں سٹی اور کینٹ برانچ نے میزبانی کے فرائض سرانجام دے۔ ریجنل ڈائریکٹر قاضی ناصر الدین فاروقی نے بہترین انتظامات کرنے پر منتظمین کو خصوصی شاباش دی۔