برکت فریزین ایگرو لمیٹڈ (بی ایف ایگرو) کے شیئرز نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں پہلے ہی دن شاندار انٹری دی، 10 فیصد اضافے کے ساتھ 20.02 روپے کی حد کو چھو لیا۔ کاروبار کے آغاز پر ہی اسٹاک کی زیادہ سے زیادہ قیمت پر خرید و فروخت ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ توقعات کے مطابق برکت فریزین ایگرو لمیٹڈ (بی ایف ایگرو) کے شیئرز پہلے ہی دن 10فیصد بڑھ کر 20.02 روپے تک پہنچ گئے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں (جمعہ، 7 مارچ) صبح 9:17 بجے کاروبار شروع ہوتے ہی یہ حد عبور ہوگئی۔
بی ایف ایگرو کا شیئر 20.02 روپے پر کھلا، جو اس کے آئی پی او قیمت 18.2 روپے کے مقابلے میں 1.82 روپے یا 10فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
صبح اسٹاک کے 10,642 شیئرز زیادہ سے زیادہ قیمت پر فروخت ہوئے جبکہ کے ایس ای 100 انڈیکس 867 پوائنٹس بڑھ کر صبح 9:31 بجے 114,580 پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ برکت فریزین ایگرو لمیٹڈ جو پاکستان کے بخش گروپ اور ہالینڈ کے فریزین اِگ گروپ کا مشترکہ منصوبہ ہے، آج صبح گونگ بجا کر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں باضابطہ طور پر شامل کر دیا گیا ہے۔
آئی پی او کے مرکزی منیجر عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کے سی ای او شاہد علی حبیب نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ بی ایف ایگرو کے حصص کی قیمت کی زیادہ حد تک پہنچنے کی توقع تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ اسٹاک آف مارکیٹ میں 24 سے 25 روپے میں بھی ٹریڈ ہوا۔
گزشتہ ماہ کمپنی نے 17 اور18 فروری کو آئی پی او کے دو روزہ بک بلڈنگ مرحلے میں زیادہ سے زیادہ قیمت 18.20 روپے فی شیئر حاصل کی، جس کے ذریعے 6.77 کروڑ شیئرز فروخت کر کے 1.23 ارب روپے کا سرمایہ اکٹھا کیا گیا تھا۔
یہ اس سال کا دوسرا آئی پی او تھا۔ اس سے پہلے زاریا لمیٹڈ جو پاکستان کا بڑا کموڈٹیز بی ٹو بی پلیٹ فارم ہے، نے گزشتہ ہفتے 6.25 کروڑ شیئرز فروخت کرکے 1.03 ارب روپے اکٹھے کیے تھے۔
شاہد علی حبیب کے مطابق برکت فریزین نے 17 فروری کو بک بلڈنگ کا آغاز کم از کم 13 روپے فی شیئر سے کیا، جو زیادہ سے زیادہ 40 فیصد اضافے کے ساتھ 18.20 روپے فی شیئر کی حد تک پہنچ گیا۔
اس طرح، کمپنی نے مقررہ کم از کم ہدف 88 کروڑ روپے سے 35.3 کروڑ روپے اضافی سرمایہ اکٹھا کرتے ہوئے مجموعی طور پر 1.23 ارب روپے کی ایکویٹی حاصل کی۔
اے ایچ ایل کے مطابق 67.74 ملین حصص کے اجرا کا حجم مالیت کے لحاظ سے 4.77 گنا زائد سبسکرائب ہوا، جہاں 13 روپے فی شیئر کی کم از کم قیمت پر 88 کروڑ روپے کے ہدف کے مقابلے میں مجموعی طور پر 4.2 ارب روپے کی بولیاں موصول ہوئیں۔
حبیب نے مزید کہا کہ کمپنی آئی پی او سے حاصل ہونے والی آمدن کو فیصل آباد میں ایک نئی پیداواری سہولت قائم کرنے کیلئے استعمال کرے گی۔
حبیب نے مزید بتایا کہ کمپنی آئی پی او سے حاصل ہونے والی رقم فیصل آباد میں ایک نیا پیداواری یونٹ قائم کرنے کے لیے استعمال کرے گی۔
2017 میں قائم ہونے والی برکت فریزین اعلیٰ معیار کے پیسٹورائزڈ انڈے اور اس سے بنی مصنوعات تیار کرتی ہے، جن میں مکمل انڈے، زردی، سفیدی اور دیگر اجزا شامل ہیں۔ یہ مصنوعات ہوٹل، ریسٹورنٹ اور کیفے (HoReCa) سیکٹر، سوس اور مایونیز انڈسٹری، اور بیکری و کنفیکشنری مارکیٹ کے لیے فراہم کی جاتی ہیں۔