وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے عمران خان کے دوبارہ وزیر اعظم بننے کی صورت میں کالا باغ ڈیم بنانے کا اعلان کردیا۔

گجرات (نئی دنیا) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے دوبارہ وزیر اعظم بننے کی صورت میں کالا باغ ڈیم بنانے کا اعلان کردیا۔

تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ الیکشن کے بعد دو تہائی اکثریت کے ساتھ عمران خان وزیراعظم بنیں گے تو اس وقت کالا باغ ڈیم بنے گا، یہ عمران خان کے علاوہ کوئی نہیں بنا سکتا، اس سے بجلی بنے گی، پانی بھی محفوظ ہو گا، تمام ایکسپرٹ کو دوبارہ بٹھایا جا سکتا ہے، کام شروع کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے سیلاب زدگان کیلئے عمران خان کو بہت زیادہ پیسے دیے، شہباز شریف، کابینہ اور پی ڈی ایم والے ٹیلی تھون کریں اور پیسے اکٹھے کریں، لوگوں نے وہاں سے ان کو چھتر بھیجنے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر آباد کارڈیالوجی ہسپتال کو 500 بیڈ کا کرنے اور گجرات میں ایک اور نئی یونیورسٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کی سر زمین وفا کی زمین ہے، یہاں پر سب سے زیادہ نشان حیدر ہیں، ملک کی کوئی ایسی جنگ نہیں جس میں گجرات کے سپوتوں نے جام شہادت اور نشان حیدر نہ لیا ہو، وہ دعوت دیتے ہیں کہ عمران خان گجرات سے الیکشن لڑیں، انہیں میانوالی سے زیادہ ووٹ ملیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں