لاہورمیں پولیس مقابلہ ، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ۔شامکے بھٹیاں کے مقام پر ڈاکو شہریوں کو لوٹنے میں مصروف تھے،ڈاکوؤں نے اے ایس آئی اور کانسٹیبل کو دیکھ کر فائرنگ کر دی۔تفصیلات کے مطابق مانگا منڈی کے قریب پولیس مقابلہ کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو اہلکار شہید ہوگئے۔
شامکے بھٹیاں کے مقام پر ڈاکو شہریوں کو لوٹنے میں مصروف تھے،ڈاکوؤں نے اے ایس آئی محمد عاصم اور کانسٹیبل محمد شاہد کو دیکھ کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی محمد عاصم موقع پر شہید ہو گیا۔ کانسٹیبل محمد شاہد کو زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کا رتبہ پا گیا۔
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے پولیس جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
دوسری جانب نوشہرہ میں جی ٹی روڈ پر اکھوڑہ خٹک کےقریب پولیس موبائل پرحملہ ہواجس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عمر خان کے مطابق شدت پسندوں کے حملےمیں 3 پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں جن میں ایک ہیڈ کانسٹیبل، ایک کانسٹیبل اور پولیس موبائل کا ڈرائیور شامل ہیں۔ ڈی پی او عمرخان کے مطابق پولیس کی بھاری نفری موقع پرپہنچ گئی ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے، پولیس اہلکار معمول کی گشت پر تھے جب ان پر 2 شدپسندوں نےفائرنگ کی۔
ڈی پی او نے بتایا کہ شہید اہلکاروں میں ہیڈکانسٹیبل منظور، کانسٹیبل امان اللہ اور ڈرائیور ایاز خان شامل ہیں۔