حکومت کی جانب سے مفت آٹے کی تقسیم کے دوران ایک اور خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق پنجاب کے شہر جہانیاں میں مفت آٹےکی تقسیم کے دوران بدنظمی دیکھنے میں آئی۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانیاں کرکٹ اسٹیڈیم میں قائم آٹا پوائنٹ پر بھگدڑ سے 2 خواتین بے ہوش ہوگئیں، دونوں خواتین کو اسپتال منتقل کردیا گیا، ایک خاتون دوران علاج دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئی۔ اس سے قبل ساہیوال کے نواز شریف پارک میں بھی مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی، جس میں 19 خواتین زخمی ہوئیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق بھی ہوئیں۔ واضح رہے کہ اب تک مفت آٹے کے حصول کے لیے سخت گرمی اور رش میں بد نظمی اور بھگدڑ سے کئی افراد جان سے جاچکے ہیں۔